• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 40351

    عنوان: مشت زنی كا علاج

    سوال: میرا آپ سے یہ سوال ہے کہ اللّہ کا شکر ہے کہ مجھے اللہ نے چار پانچ مہینے پہلے ہدایت دی اور اس کے بعد میں نے تقریباًسارے گناہوں سے پابندی سے منہ موڑلیا، میری عمر تقریباً ۱۸ برس ہے اور میں مشت زنی سے بھی تین چار مہینے سے اجتناب کیا ہوا ہے، میرے گھروالے ایوروپ میں رہتے ہیں اور ہم پاکستانی ہیں۔ میں آج کل اپنے گھر والوں کے پاس آیا ہوں، مجھے ایک مہینہ ہو گیا ہے کہ عجیب سے خیالات آتے ہیں، مجھے ہر وقت ایمان کی فکر رہتی ہے کہ میں کہیں پھر گناہوں پہ نہ اتر جاؤں، میں جب سے گھر آیا ہوں مجھ سے دو تین مرتبہ مشت زنی ہو گئی ہے، مجھے ڈر ہے کہ پھر کہیں گناہ نہ کرنے لگوں، آپ مجھے ایسا وظیفہ بتائیں یا دعا بتائیں جس سے میں اس چیز سے دور رہ سکوں اور آج کل گرمی ہے ورنہ آج کل روزے رکھ لیتا۔ ۲.اور جو روزے اس چیز یعنی خود لذتی کو روکنے کے لئے رکھنے ہوتے ہیں وہ ایسے ہی رکھے جائیں یعنی اس چیز کا کیا پتا کب ہو جائے تو روزے کس طرح رکھے جائیں اور کوئی ایسی دعا یا وظیفہ جو انسان کو اللہ کے حکم سے ہدایت پہ رکھے جواب ضرور دیں آپ کی نوازش ہو گی۔

    جواب نمبر: 40351

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1203-784/H=9/1433 (۱) اس حرکت قبیحہ سے نجات حاصل کرنے کا وظیفہ یہ ہے کہ اول سچی پکی توبہ کریں اور اللہ پاک سے عہد کرلیں کہ آئندہ یہ خبیث فعل کبھی نہ کروں گا، دوسرے قلب ونظر کو پاک رکھنے کی کوشش کریں، تیسرے بدنظری کا علاج (ب) ام الامراض (ج) فضائل اعمال (د) حیاة المسلمین کو بکثرت مطالعہ میں رکھیں اور بار بار مطالعہ کرتے رہیں۔ (چوتھے) اس کے عواقب وانجام یعنی دنیا وآخرت کی رسوائی وبال وعذاب کو سوچا کریں، اگر خدانخواستہ اس کی وجہ سے قوتِ مردانگی بالکل ختم ہوگئی تو اس کا نتیجہ کیا ہوگا؟ پانچویں اگر نکاح نہ ہوا ہو تو جلد از جلد مناسب رشتہ تلاش کرکے نکاح کرلیں اور بیوی کے ساتھ حسن معاشرت سے گذر بسر کا اہتمام کریں، چھٹے ہرنماز کے بعد اور باوضو سونے سے قبل اول وآخر گیارہ گیارہ دفعہ درود شریف اور درمیان میں گیارہ مرتبہ سورہٴ الم نشرح پڑھا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند