• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 46893

    عنوان: استخارہ كرنے كے بعد مصلحت دوسرے كام میں نظر آئے تو كیا كرے؟

    سوال: اسکول میں میرے ٹیچر تھے ، سب کہتے تھے وہ مجھ میں دلچپسی رکھتے ہیں، میں بھی ان میں دلچپسی رکھنے لگی ، میں نے ان کے دل میں اپنا پیار بھرنے کے لیے کئی وظیفے پڑھے، صلاة الحاجة پڑھی ، جمعہ کے خطبہ کے دوران دعا نگتی تھی کہ ہماری شادی ہوجائے پھر میں نے استخارہ نکالا اپنا اور ان کے نام کا کہ اگر ہماری شادی ہوجائے تو وہ کامیاب ہوگی یا نہیں؟ استخارہ کے تیسرے دن مجھے خواب میں اپنے بھائی کی شادی نظر آئی اور میں اس میں بہت خوش تھی ۔ کچھ عرصے کے بعد ٹیچر کی شادی ہوگئی پھر میں ہر وقت یہ دعا مانگے لگی کہ وہ کبھی خوش نہ رہ سکیں کیوں کہ مجھے دھوکے میں رکھا ہے، اور یہ دعامانگتی تھی کہ اللہ کرے کہ وہ پلٹ کر میرے پاس آئیں ، لیکن تب جب میرے دل میں ان کے لیے جگہ نہ ہو، وقت کے ساتھ میں انہیں بھول گئی ۔ اب نو سال بعد وہ پلٹ آئے ہیں، ان کی ایک بیٹی ہے ، وہ مجھ سے شادی کرنا چاہتے ہیں ، لیکن میں نہیں چاہتی ہوں کہ اب ان سے شادی کروں۔ وہ میرے بچپن کی محبت تھی اب نہیں ہے۔

    جواب نمبر: 46893

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1065-832/D=10/1434 استخارہ نکالنے کی وجہ سے شادی کرنا آپ کے لیے ضروری نہیں ہے اور نہ کرنے کی وجہ سے برا انجام بھی بھگتنا نہیں پرے گا ان شاء اللہ، مصلحت وضرورت اور عقل کے تقاضے اگر شادی کرنا بہتر سمجھ میں آئے تو کرسکتی ہیں (کرلیں) اور بہتر سمجھ میں نہیں آتی تو نہ کریں اسکا کوئی نقصان نہیں ہوگا، البتہ شادی کرنے نہ کرنے کا فیصلہ کرتے وقت کسی خیرخواہ ہمدرد سے مشورہ ضرور کرلیں (والد، چچا، بھائی وغیرہ سے)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند