• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 171046

    عنوان: کاروبار میں برکت وترقی کا وظیفہ۔ (۲): نماز میں خشوع وخضوع پیدا کرنے کا طریقہ

    سوال: اللّہ کے کرم سے اور آپ کی دعا سے اللّہ نے مجھے 1 حلال کاروبار عطا فرما دیا ۔ پچھلے کچھ مہینوں سے کاروبار بینڈ ہو رکھا ہے، کرایہ بھی بھرنا مشقل ہوتا جا رہا ہے ۔ کاروبار میں ترقی اور کما ئی میں برکت کے لئے کوئی وظیفہ بتا دیں اور کس وقت پڑھنا ہے طریقہ بھی بتا دیں۔ الحمداللہ میں نماز کی پنج وقت پابندی کرتا ہوں مگر نماز میں خشوع اور دھیان نہیں لگتا اس کے لئے بھی کچھ بتا دیں ۔

    جواب نمبر: 171046

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:814-675/N=10/1440

    (۱):کاروبار میں برکت اور ترقی کے لیے آپ استغفار کی کثرت کریں اور درج ذیل دعا روزانہ (کسی بھی وقت)کم از کم تین سو مرتبہ پڑھا کریں، إن شاء اللہآپ کے کاروبار میں برکت اور ترقی ہوگی اورکاروبار کی لائن میں درپیش رکاوٹیں اور پریشانیاں دور ہوں گی:

    اللّٰھُمَّ اکْفِنِيْ بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ وَأَغْنِنِيْ بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ۔

    عن ابن عباسقال:قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم:”من لزم الاستغفار جعل اللہ لہ من کل ضیق مخرجاً ومن کل ھم فرجاً ورزقہ من حیث لا یحتسب“، رواہ أحمد وأبو داود وابن ماجة (مشکاة المصابیح، باب الاستغفار والتوبة، الفصل الثاني، ص ۲۰۴، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)، وعن عليأنہ جاء ہ مکاتب فقال: إني عجزت عن کتابتي فأعني، قال: ألا أعلمک کلمات علمنیھن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، لو کان علیک مثل جبل کبیر دیناً أداہ اللہ عنک، قل:”اللھم اکفني بحلالک عن حرامک وأغننی بفضلک عمن سواک“،رواہ الترمذي والبیھقي فی الدعوات الکبیر (المصدر السابق،،باب الدعوات فی الأوقات، الفصل الثاني،ص ۲۱۵، ۲۱۶، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)۔

    (۲): نماز میں خشوع وخضوع پیدا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آدمی نماز شروع کرنے سے ایک آدھ منٹ پہلے اپنا ذہن حاضر کرلے اور اس کا استحضار کرے کہ وہ اپنے مالک حقیقی: اللہ رب العزت کے سامنے کھڑے ہوکر نماز پڑھنے جارہا ہوں، اس کے بعد نماز میں جو کچھ کرے یا زبان سے پڑھے ، وہ مکمل توجہ کے ساتھ کرے اور پڑھے ،اور اگر کبھی غفلت کی وجہ سے ذہن بھٹک جائے تو توجہ کے بعدفوراً ذہن حاضر کرلے ، شروع میں تو یہ کام دشوار ہوگا؛ لیکن آہستہ آہستہ کچھ عرصہ میں إن شاء اللہ نماز میں خشوع وخضوع کی کیفیت پیدا ہوجائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند