• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 608674

    عنوان:

    دشمن سے حفاظت کی دعا

    سوال:

    میں ایک کالج میں پڑھاتی ہوں۔میرے دفتر میں موجود حاسد لوگوں نے میرا تبادلہ ایک نامناسب مقام پر کروا دیا ہے۔ میرے لیے ملازمت کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ میرے ساتھ کے لوگ مجھے ناکام کر دینا چاہتے ہیں۔ میری ترقی ہونے نہیں دیتے۔ مجھے یہ سب کچھ سہتے ہوئے پندرہ سال ہو گیے ہیں۔ میرے والد کا بھی انتقال ہو چکا ہے۔ لوگ مجھے اکیلا دیکھ کر میرے دشمن بن جاتے ہیں۔ میرے خلاف سازش کرتے اور مجھے تنگ کرتے ہیں۔ مہربانی فرما کر مجھے ایسا وظیفہ بتا دیں کے میرا تبادلہ میرے پہلے والے مقام پر واپس ہو جائیے ۔ میری نوکری میں ترقی ہو جائے اور مجھے دشمنوں سے نجات اور اچھے مخلص لوگوں کا ساتھ ملے۔ وظیفہ یا دعا مختصر اور ایسی بتا دیں جو روزانہ پڑھنا آسان ہو۔

    جواب نمبر: 608674

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:688-644/L=7/1443

     آپ ہر نماز کے بعد تین مرتبہ یہ دعا پڑھ لیا کریں ان شاء اللہ حاسدین سے حفاظت ہوگی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب کسی قوم سے خوف کا احساس ہوتا تو یہ دعا پڑھتے تھے ، دعا یہ ہے : اللَّہُمَّ إِنَّا نَجْعَلُکَ فِی نُحُورِہِمْ، وَنَعُوذُ بِکَ مِنْ شُرُورِہِمْ اور آپ مغرب کے بعد سورہ واقعہ اور فجر کی نماز کے بعد سورہ یسین کا معمول بنالیں ، ان شاء اللہ رزق کی تنگی دور ہوگی اور آپ کوشش یہ کریں کہ ایسی جگہ ملازمت مل جائے جہاں مرد وعورت کا اختلاط نہ ہو اور حلال رزق میسر ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند