• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 39693

    عنوان: سورہ حجرات

    سوال: سورہ حجرات کی پہلی آیات میں آیا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول سے پہلے تم سبقت مت کیا کرو، ان آیا ت کے نازل ہونے کی وجہ بتا دیں۔

    جواب نمبر: 39693

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 479-453/N=8/1433 ان آیات کے شان نزول کے متعلق بقول امام قرطبی رحمہ اللہ چھ اقوال ہیں (تفسیر قرطبی: ۱۹/۳۵۲، مطبوعہ موٴسسة الرسالة) اور قاضی ابوبکر بن العربی رحمہ اللہ نے ان میں سے پانچ اقوال ذکر کرنے کے بعد فرمایا کہ یہ سب صحیح ہیں کیونکہ یہ سب مفہوم آیات کے عموم میں داخل ہیں (احکام القرآن لابن العربی: ۴/۱۴۴، ط: دارالکتب العلمیہ، بیروت لبنان) یہاں صرف ایک شان نزول ذکر کیا جاتا ہے۔ بخاری شریف (کتاب التفسیر سورة الحجرات، رقم الحدیث: 4847) میں ہے کہ ایک مرتبہ قبیلہ بنوتمیم کے لوگ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں یہ مسئلہ لے کر حاضر ہوئے کہ قبیلہ کا حاکم کس کو بنایا جائے؟ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی رائے قعقاع بن معبد کے متعلق تھی جب کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی رائے اقرب بن حابس کے متعلق تھی، اسی گفتگو میں دونوں کی آوازیں بلند ہونے لگیں، حالانکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم تشریف فرما تھے، تو اس موقع پر یہ آیات اتریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند