• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 168155

    عنوان: (1) سورتوں كے فضائل (2) كلمات اذان اور اس كی ابتداء

    سوال: حضرت ، آپ سے عرض ہے کہ آپ قرآن کریم کی تمام سورتوں کے حساب سے یعنی سورة الفاتحہ سے لے کر سورة الناس تک کے مکمل سورتوں کے فضائل مع حدیث و ترجمہ بتائیے یا ایسی کوئی کتاب ہے جس میں مکمل سورتوں کے فضائل بیان کئے گئے ہیں تو مہربانی فرما کر اس کتاب کا نام بتائیے ۔ دوسرا سوال یہ ہے کہ اذان کی ابتدا کب ہوئی اور کیوں اور اذان کے الفاظ کے بارے میں بتائیے کیوں کہ کچھ حضرات کا کہنا ہے کہ یہ نہ ہی قرآن سے ثابت ہیں اور نہ ہی حدیث سے ان لوگوں کو ان سوالات کی حقیقت سے کیسے آگاہ کیا جائے ۔ جزاکم اللہ خیرا کثیرا کثیرا۔ جواب جلد از جلد فرمائیں ۔

    جواب نمبر: 168155

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 554-522/H=05/1440

    (۱) سورتوں کے فضائل پر مشتمل کوئی کتاب احقر کے علم میں نہیں ہے اوریوں سورتوں کے فضائل کتب حدیث نیز کتب تفسیر میں اپنی اپنی تحقیقات کے لحاظ سے مفسرین عامةً لکھتے ہی ہیں۔

    (۲) جب حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم اور حضرات صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین مدینہ منورہ زادہا اللہ شرفاً وکرامة وہیبة کی طرف ہجرت فرما کر تشریف لے گئے تو مسجد میں جمع ہونے کی کیا صورت اختیار کی جائے اس سلسلہ میں مشورہ ہوا جس میں مختلف رائیں پیش ہوئیں لیکن بعض صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم کے خواب میں فرشتہ نے اذان کے کلمات تلقین فرمائے اور حضرت رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ان کلمات طیبات کو اذان کے لئے مقرر فرما دیا جیسا کہ کتب حدیث شروحِ حدیث میں اُس کی تفصیل ہے جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اذان کے الفاظ نہ قرآن سے ثابت ہیں اور نہ ہی حدیث سے، اُن لوگوں کو معلوم نہیں کہ کہاں سے اور کس طرح شبہ ہوا ہے؟ اُن سے کہہ دیں کہ وہ کتب حدیث اور شروحِ حدیث کو خود ملاحظہ فرمالیں اگر ان کی علمی استعداد و قابلیت اِس درجہ کی نہ ہو تو کسی مقامی مفتی صاحب یا شیخ الحدیث صاحب سے سمجھ لیں اس کے بعد بھی کچھ اشکال رہے تو خود ان ہی کے قلم سے اشکال لکھواکر اپنے استفتاء سے منسلک کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند