• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 148983

    عنوان: اگرگھر میں قرآن کریم کے کئی نسخے موجود ہوں تو کیا سب میں سے تلاوت کیا جانا ضروری ہے یا کسی ایک میں سے بھی کر سکتے ہیں؟

    سوال: ہمارے پاس ایک قرآن شریف دوجلدوں میں عربی متن ، اردو ترجمہ اور انگریزی تفسیر کے ساتھ موجود ہے اس کی چھپائی باریک ہے اور انگریزی میں تفسیر ہونے کی وجہ سے بائیں سے دائیں ہی پڑھا جا سکتا ہے ، ایک جگہ صفحات بھی بے ترتیب ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر قرآن کریم کے اس نسخے کو اٹھانے کی نوبت نہیں آتی، مجھے اور گھر کے دیگر افراد کو دوسرے قرآن میں تلاوت کرنا زیادہ آسان لگتا ہے ایسی صورت میں ہم لوگ گناہ گار تو نہیں ہوں گے؟ قرآن کریم کے اس نسخے کا ہم کیا کریں اگر مسجد یا مدرسے میں رکھتے ہیں تو وہاں بھی یہی مشکل ہوگی۔ اگر یہ قرآن شریف ہمارے گھر میں ہی ادب و احترام کے ساتھ رکھا رہے تو کوئی حرج تو نہیں؟ اگرگھر میں قرآن کریم کے کئی نسخے موجود ہوں تو کیا سب میں سے تلاوت کیا جانا ضروری ہے یا کسی ایک میں سے بھی کر سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 148983

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:  688-706/M=6/1438

    قرآن کریم کا جو نسخہ اردو ترجمہ اور انگریزی تفسیر والا آپ کے پاس موجو ہے اگر وہ ترجمہ وتفسیر معتبر ہے تو جو عالم انگریزی جانتا ہو اور اس سے استفادہ کرسکتا ہو اس کو دے سکتے ہیں اور اگر وہ گھر میں ہی ادب واحترام کے ساتھ رکھا رہے تب بھی حرج نہیں، خیر وبرکت کی نیت سے رکھنا بھی باعث ثواب ہے، سارے نسخوں سے تلاوت کرنا ضروری نہیں، ایک نسخہ سے تلاوت کرسکتے ہیں، رجل أمسک المصحف في بیتہ ولا یقرأ قالوا إن نوی بہ الخیر والبرکة لا یأثم بل یُرجی لہ الثواب کذا في فتاوی قاضیخاں (ہندیہ: ۵/ ۳۲۲)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند