• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 146250

    عنوان: تكبر اور غصہ سے بچنے كا طریقہ اور اس كے لیے وظیفہ؟

    سوال: حضرت! غصہ، تکبر اور نفس کو ختم کرنے کا کوئی وظیفہ بتائیے؟

    جواب نمبر: 146250

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 177-213/SN=3/1438

     

    ہمیشہ یہ مستحضر رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کو مجھ پر زیادہ قدرت ہے اور میں اس کی نافرمانی بھی کیا کرتا ہوں، اگر وہ بھی مجھ سے یہی معاملہ کریں (جو میں غصہ کے وقت کرتا ہوں) تو کیا ہوگا؟ اور یہ بھی مستحضر رکھیں کہ ارادہٴ خداوندی کے بغیر کچھ واقع نہیں ہوتا، سو میں کیا چیز ہوں کہ مشیت الٰہی سے مزاحمت کروں، یہ غصہ کا بہترین علاج ہے، اور تکبر و خودپسندی کا علاج یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عظمت کو ہمیشہ یاد کریں، اس کے مقابلے میں اپنے کمالات کو ہیچ پائیں گے اور جس شخص سے آپ تکبر کامعاملہ کرتے ہیں اور جسے دیکھ کر آپ کے دل میں کبر کا خیال پیدا ہوتا ہو اس کے ساتھ تواضع و تعظیم سے پیش آویں، یہاں تک کہ اس کے خوگر ہو جائیں۔ (مستفاد از شریعت و طریقت ، ص: ۱۹۱، ۲۲۰،ط: ممبئی) اور اس کے ساتھ ساتھ اتباعِ سنت کو ہر چیز میں ملحوظ رکھیں نیز توبہ واستغفار کی کثرت کریں؛ بلکہ بہتر ہے کہ کسی متبع شریعت سنت شیخ سے اپنا اصلاحی تعلق بھی قائم کرلیں اور ان سے احوال بتلا کر ان کمیوں کا علاج کرائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند