• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 24379

    عنوان: ابن عربی رحمہ اللہ کے بارے میں بتائیں کہ کن کن بزرگان دین نے ان کی تعریف کی ہے، برائے مہربانی پرانے غیر دیوبندی علماء کا حوالہ پیش فرمائیں، کیوں کہ میرے ایک دوست غیرمقلد نے تو ان کو کافر کہا ہے، اور بہت سے پرانے علماء کے فتووں کے حوالہ جات پیش کیے ہیں، جیسا کہ امام شہاب دین تلمسانی، امام عبدالطیف آل سعودی، امام قتلانی، امام تقی دین سبکی، امام ابن ابی ہیان، امام ابن ہشام، امام ابن تیمیاء، امام ابن کثیر، امام دہبی وغیرہ۔

    سوال: ابن عربی رحمہ اللہ کے بارے میں بتائیں کہ کن کن بزرگان دین نے ان کی تعریف کی ہے، برائے مہربانی پرانے غیر دیوبندی علماء کا حوالہ پیش فرمائیں، کیوں کہ میرے ایک دوست غیرمقلد نے تو ان کو کافر کہا ہے، اور بہت سے پرانے علماء کے فتووں کے حوالہ جات پیش کیے ہیں، جیسا کہ امام شہاب دین تلمسانی، امام عبدالطیف آل سعودی، امام قتلانی، امام تقی دین سبکی، امام ابن ابی ہیان، امام ابن ہشام، امام ابن تیمیاء، امام ابن کثیر، امام دہبی وغیرہ۔

    جواب نمبر: 24379

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 1603=1186-8/1431

    آپ کے غیرمقلد دوست نے جن علماء کا نام ذکر کرکے ابن عربی رحمہ اللہ کو کافر کہا ہے وہ غیرمقلد کیا اِن علماء کا مقلد ہے؟ اگر جواب ہاں میں ہے تو یہ تقلید شرک ہے اور جو شخص شرک اختیار کرتا ہے اُس کو بجائے ابن عربی رحمہ اللہ وغیرہ اکابر کے اپنے ایمان کی فکر لازم ہے، اگر جواب ناں میں ہے یعنی وہ غیرمقلد اِس سلسلہ میں ان علماء کے فتوی کا مقلد نہیں تو ان حضرات کے اسمائے گرامی اوراُن کے فتاویٰ کو کیوں پیش کرتا ہے؟
    (۲) آپ نے ہمیں پابند کردیا کہ ”پرانے غیردیوبندی علماء کا حوالہ پیش کریں“ معلوم نہیں پرانے غیر دیوبندی علماء سے مراد آپ کی کیا ہے؟ اس کو بالکل صاف اور واضح لکھ دیتے تو بہتر ہوتا۔ تاہم آپ کی خواہش اور حکم کو حتی المقدرت ملحوظ رکھتے ہوئے مختصراً عرض ہے کہ علامہ شامی رحمہ اللہ تعالیٰ پرانے غیردیوبندی علماء بلکہ اجلہ اہل فتویٰ میں سے ہیں انھوں نے مستقل طویل کلام اس سلسلہ میں فرمایا ہے، اس کے لیے جلی عنوان مطلب في حال الشیخ الأکبر سیّدي مُحي الدین بن عربی نَفَعَنا اللہ تعالیٰ بہ (فتاوی شامی باب المرتد: ۶/۳۷۸-۳۸۲ مطبوعہ زکریا) قائم فرماکر ایسے لوگوں پر رد کیا ہے کہ جو شیخ ابن عربی رحمہ اللہ کی تکفیر کرتے ہیں۔ علامہ شامی رحمہ اللہ کے استاذ شیخ سید عبدالغنی النابلسی رحمہ اللہ کا مستقلاً ایک رسالہ ہے الردّ المتین علی منتقص العارف محي الدین اسی طرح علامہ سیوطی رحمہ اللہ ان دونوں اکابر رحمہما اللہ سے اوپر کے اکابر علماء میں سے ہیں، ان کا بھی ایک رسالہ ہے: تنبیہ الغبي بتبرئة ابن عربي یہ اور ان جیسے دیگر اکابر علماء قدس اللہ اسرارہم نے دیوبند دیکھا بلکہ شاید سنا بھی نہ ہوگا، انھوں نے محقق انداز پر تکفیر کرنے والوں کے سلسلہ میں رد کیا ہے، شاید آپ کو اِن رسائل وکتب کے دیکھنے سے اطمینان حاصل ہوجائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند