• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 149689

    عنوان: ایک رکعت چھوٹ جائے تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد نماز کس طرح پوری کی جائے گی؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ فرض کریں کہ اگر میں ظہر کی نماز کے لیے جارہاہوں اور جماعت کھڑی ہوچکی ہے اور ایک رکعت ہوگئی ہے ، اب میں ایک رکعت کے بعد میں جماعت میں شامل ہوتاہوں تو آخیر میں جب میں چوتھی رکعت کے لیے کھڑا ہوں گا تو کیا مجھے سورة فاتحہ کے بعد کوئی سورة ملانی چاہئے؟نیز اگر میں تین رکعت کے بعد چوتھی رکعت میں جماعت میں شامل ہوتا ہوں تو پھر آخیر میں بقیہ تین رکعت کے لیے کھڑا ہونے پر میں ان رکعتوں میں سورتوں کو کیسے ملاؤں گا؟جزاک اللہ

    جواب نمبر: 149689

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 812-698/H=7/1438

    (۱) امام کے سلام پھیردینے کے بعد جب آپ اپنی چھوٹی رکعت ادا کرنے کے لیے کھڑے ہوں گے تو ثناء سورہٴ فاتحہ اور سورت پڑھ کر رکوع سجدہ قعدہ کرکے سلام پھیرکر نماز پوری کرلیں گے اور اگر تین رکعات چھوٹ گئی ہیں تو سلامِ امام کے بعد پہلی رکعت تو اسی طرح پڑھیں گے جو اوپر لکھا گیا البتہ قعدہ میں تشہد کے بعد کھڑے ہوکر سورہٴ فاتحہ اور سورت پڑھ کر رکوع سجدہ کریں گے اور سجدہ کے بعد قعدہ نہ کریں گے بلکہ سجدہ سے سیدھے کھڑے ہوکر سورہٴ فاتحہ پڑھ کر رکوع سجدہ اور قعدہ کریں اور قعدہ میں تشہد درود شریف اور دعاء پڑھ کر سلام پھیردیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند