• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 65621

    عنوان: کیا میں اپنے فیملی کے ساتھ کسی غیر اسلامی ملک (امریکہ، کناڈا) میں ہجرت کرسکتاہوں؟

    سوال: کیا میں اپنے فیملی کے ساتھ کسی غیر اسلامی ملک (امریکہ، کناڈا) میں ہجرت کرسکتاہوں؟میں یہ جاننا چاہتاہوں کہ کیا درج وجوہات کی وجہ سے ہجرت کرنا جائز ہے؟ پاکستان میں ملازمت کے ذرائع کا کم ہونا،(اپنے موضوع سے متعلق)۔ ایک بھائی اور ان کی فیملی کے علاوہ گھر کے سارے افراد یا تو امریکہ میں یا کناڈا میں رہ رہے ہیں، میں بھی ان کے ساتھ یا ان کے آس پاس رہنا چاہتاہوں۔

    جواب نمبر: 65621

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 861-879/N=9/1437

     

    مناسب ذریعہ معاش کے لیے یا رشتہ داروں کی دوری وغیرہ کی وجہ سے آدمی مع اہل خانہ امریکہ اور کناڈا وغیرہ جاکر رہائش پذیر ہوسکتا ہے؛ کیوں کہ پاکستان اور ہندوستان وغیرہ کی طرح ان ممالک میں بھی الحمد للہ مسلمانوں کے لیے نماز روزہ وغیرہ پر کوئی رکاوٹ نہیں ہے، البتہ مسلمان جہاں کہیں بھی رہے، اسلام اور اس کی تعلیمات کو نظر انداز نہ کرے؛ بلکہ جہاں غیر اسلامی ماحول ہو، وہاں اپنی دینی زندگی پر بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے، نیز آدمی اپنی دینی فکر کے ساتھ بیوی بچوں کی بھی دینی فکر کرے اور ان کو دین پر عمل کی ترغیب دیتا رہے، اسلامی تعلیمات پر عمل کے سلسلہ میں غفلت ہرگز مناسب نہیں، اللہ تعالی ہم سب کو صحیح طور پر دین پر چلنے اور اس پر جمنے کی توفیق عطا فرمائیں اور ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند