• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 170252

    عنوان: گناہ كا افشا كرنا

    سوال: ثمرہ کو زید سے بہت محبت ہوئی اور ثمرہ نے زید سے اظہار کردیا اپنی محبت کا، اور نکاح کے لیے آفر کردیا، زید نے ثمرہ سے پوچھا کہ کیا آپ کو پہلے بھی کبھی کسی سے محبت ہوئی ہے، ثمرہ نے کہا کہ نہیں، زید ہی میری پہلی محبت ہے ، لیکن ثمرہ نے زید سے جھوٹ بولا تھا، ثمرہ کا زید کے علاوہ بھی دومردوں سے افئیر (معاشقہ ) اور جسمانی تعلق رہ چکا ہے، زید ثمرہ کو بہت پاکیزہ اور معصوم سمجھتاہے اور ثمرہ سے محبت کی بھی یہی وجہ ہے، لیکن ثمرہ زید کو تین سال نکاح اور شادی کا خواب دکھاتی رہی اور پھر کسی مجبورکی بنا پر زید سے نکاح نہ کرسکی، اب زید ثمرہ کی محبت میں بہت دکھی ہے اور ثمرہ زید کو اس دکھ سے آزاد کرنا چاہتی ہے اور وہ سوچ رہی ہے کہ زید کو اپنے ماضی کے بارے میں بتادے کہ وہ دو مردوں کے ساتھ پہلے بھی محبت کے تعلق میں رہ چکی ہے تاکہ زید ثمرہ سے محبت کرنا چھوڑ دے اور سکون سے زندگی گذارسکے۔ سوال یہ ہے کہ ثمرہ کو زید سے اپنے ماضی کے بارے میں بات کرنا چاہئے یا نہیں؟کیا ثمرہ زید کو اپنے ماضی کی افئیر کے باے میں بتادے تاکہ زید یہ جان لے کہ ثمرہ معصوم نہیں ہے اور نہ ہی اتنی پاک صاف جتنی زید اسے سمجھتاہے اور اس سے محبت کرتاہے۔ براہ کرم، جواب دیں۔ ثمرہ بہت پریشان ہے۔

    جواب نمبر: 170252

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 224-154/D=03/1441

    جب اللہ تعالی نے اب تک پردہ پوشی فرمائی ہے تو از خود اس کا انشا کرنا بری بات ہے جو کچھ پچھلی زندگی میں ہوا اس سے توبہ استغفار کریں۔ اللہ تعالی سے معافی مانگیں اور آئندہ کسی نامحرم سے کسی قسم کا بھی تعلق رکھنے سے گریز کریں یہاں تک کہ بات چیت کرنے میں بھی احتیاط کریں۔

    زید سے آپ نے محبت کا اظہار کیا یہ بھی غلط کیا شادی کا وعدہ کیا یہ بھی برا ہوا، ان سب باتوں سے توبہ کریں اگر زید سے رشتہ نکاح قائم کرنے میں کوئی مضائقہ نہ ہو اور گھر والے بھی تیار ہوں تو رشتہ قائم کر لیجئے اور اگر گھر والے تیار نہ ہوں یا رشتہ مناسب نہ معلوم ہو رہا ہو تو بس معذرت کرکے بے تعلق ہو جائیں۔ زید سے اپنی پچھلی زندگی کے بارے میں بتلانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند