• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 32911

    عنوان: کیا كسي لڑکی کی طرف نکاح کی نیت سے دیکھنا جائز ہے؟

    سوال: (۱) میں ہندو لوگوں کے ساتھ ہوسٹل میں رہتا ہوں، وہ لوگ جب پوجا کرکے پرساد لاتے ہیں تو مجھے دیتے ہیں،مجھے کیا کرنا چاہیے، اگر منع کرتا ہوں تو کس لہجے سے کروں۔ (۲) کیا كسي لڑکی کی طرف نکاح کی نیت سے دیکھنا جائز ہے؟ سلیمہ نام کا کیا مطلب ہے؟ (۳) میں دیوبند مسلک سے ہوں میرے گھر والے بھی تبلیغی جماعت کو جتنا مانتے ہیں اتنا ہی درگاہ کو مانتے ہیں۔ یعنی وہ تبلیغ کو برا نہیں کہتے۔ ہمارے یہاں کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پر تبلیغ کو بہت برا کہتے ہیں وہ لوگ بدعت میں مبتلا ہوتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ ہم بریلوی ہیں۔ (۴) چونکہ میرے گھر والے بھی بدعت میں مبتلا ہیں لیکن وہ اپنے آپ کو بریلوی نہیں کہتے تو کیا ہم اپنی بہن کا رشتہ ایسے گھر میں کردیں جہاں کھلی بریلویت ہو؟ جب کہ میں اپنے گھر میں کافی باتوں سے اپنی ماں اور بہنوں کو ان سب باتوں سے روکتا ہوں وہاں تو کوئی روکنے والا نہیں ہوگا۔ مجھے کیا کرنا چاہیے جب کہ میری گھر میں کم چلتی ہے۔

    جواب نمبر: 32911

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 1176=718-7/1432 (۱) نرم لہجہ میں معذرت کردیں۔ (۲) اگر اس لڑکی سے رشتہ کی بات طے ہوچکی ہو ضروری امور دریافت ہوچکنے کے بعد گھر کی عورتوں نے بھی دیکھنے کے بعد منظور کرلیا ہو ایسے وقت لڑکا بھی کسی بہانہ سے ایک نظر دیکھ لے گنجائش ہے، اس سے زاید بات چیت کرنا ملاقات کرنا ہرگز جائز نہیں۔ (۳) آپ اپنے گھروالوں کو نرمی اور حکمت سے دین کی باتیں بتلاتے رہیں اور اہل بدعت کی گمراہ کن باتوں کی طرف توجہ دلاتے رہیں اور گھر کے مَردوں کے حق میں بہت ہے کہ چار ماہ چالیس دن یا اس سے کم وبیش جس قدر آسان ہو وقت جماعت میں لگادیں، مقامی دینی حلقوں میں (جو اہل حق کے ہوتے ہوں) شرکت کریں، اسی طرح عورتیں بھی دینی پروگرام جو جماعت دعوت وتبلیغ کی طرف سے طے ہو اس میں پابندی سے شرکت کریں، ان شاء اللہ دینی اصلاح ہوجائے گی۔ (۴) رشتہ کا معاملہ نازک ہوتا ہے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں نیک اور صالح رشتہ میسر آجائے، نیز کہیں سے رشتہ آئے تو منظوری سے پہلے استخارہ کرلیں، استخارہ کا طریقہ بہشتی زیور میں لکھا ہوا ہے۔ تھوڑی دیر گھر میں بہشتی زیور اور فضائل اعمال پڑھنے کا معمول بنائیں، گھر کے سب افراد مل بیٹھیں اور سنیں ان شاء اللہ اس سے بہت فائدہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند