• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 59360

    عنوان: یہ کلمات تو موجب کفر ہیں؛ لیکن یہاں زید کی بیوی نے جو کچھ کلمات کہے ہیں اس کا مفہوم یہ بھی نکل سکتا ہے

    سوال: زید کی اپنی بیوی سے تکرار چل رہی تھی اس دوران زید کی بیوی نے کچھ سخت کلمات کہے تو زید نے کہا کہ تجھے بالکل ڈر نہیں ہے اللہ کا ؟ زید کی بیوی اس وقت غصے میں تھی اس نے کہا ہاں نہیں ہے زید نے کہا تو بہت بے خوف ہو گئی ہے اللہ سے ؟ اس نے جواب دیا ہاں ہوگئی ہوں اس پر زید نے کہا کچھ شرم کر ایسا جری تو کوئی کافر بھی نہیں ہوتا تو اس کی بیوی جواب میں بولی ہاں میں کافر ہوں اس بات پر زید وہاں سے اٹھ گیا۔ اب معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا زید کا نکاح ٹوٹ گیا ؟ براہ کرم جلد از جلد مطلع فر مادیں۔

    جواب نمبر: 59360

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 901-897/B=9/1436-U یہ کلمات تو موجب کفر ہیں؛ لیکن یہاں زید کی بیوی نے جو کچھ کلمات کہے ہیں اس کا مفہوم یہ بھی نکل سکتا ہے کہ ہاں تمھارے بقول میں بے خوف ہوگئی ہوں اور تمھارے کہنے کے مطابق میں کافر ہوں، یعنی جو کچھ شوہر کہہ رہا ہے اس کے ہم شکل کلمہ غصہ میں اس کو جواب دیا ہے، وہ خود اپنی جانب سے کچھ نہیں کہہ رہی ہے، اس ا حتمال کے ہوتے ہوئے اس پر کفر کا فتوی تو نہیں لگایا جاسکتا، البتہ اس کی بیوی کو چاہیے کہ اپنے کہے ہوئے کلمات سے سچی پکی توبہ کرے اور آئندہ خیال رکھے یعنی اس طرح کا جملہ کبھی زبان سے نہ نکالے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند