عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد
سوال نمبر: 4461
عقیدہ حیاة النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) کے بارے میں مسلک اہل سنت والجماعت کا کیا عقیدہ ہے؟ تفصیل سے جواب عنایت فرماویں۔
عقیدہ حیاة النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) کے بارے میں مسلک اہل سنت والجماعت کا کیا عقیدہ ہے؟ تفصیل سے جواب عنایت فرماویں۔
جواب نمبر: 4461
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی: 445=445/ م
عقیدہ حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق ایک استفتاء کے جوا ب میں مفتی تقی عثمانی صاحب زید مجدہم نے جو تفصیل لکھی ہے اس کو بعینہ آپ کے سوال کے جواب میں نقل کردینا مناسب معلوم ہوتا ہے۔ وہ اس طرح ہے: انبیاء کرام علیہم الصلوة والسلام سمیت تمام مخلوقات کو موت آتی ہے، البتہ موت کے بعد ہر انسان کو برزخی زندگی سے واسطہ پڑتا ہے۔ برزخی زندگی کامطلب صرف یہ ہے کہ انسان کی روح کا اس کے جسم سے کسی قدر تعلق رہتا ہے یہ تعلق عام انسانوں میں بھی ہوتا ہے مگر اتنا کم کہ اس کے اثرات محسوس نہیں ہوتے، شہداء کی ارواح کا تعلق ان کے جسم سے عام انسانوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے اس لیے قرآن کریم نے انھیں احیاء قراردیا ہے اور احادیث کی رو سے ان کا جسم محفوظ رہتا ہے۔ انبیاء کرام کا درجہ شہداء سے بھی بلند ہے اس لیے احادیث کے مطابق ان کی ارواح کا تعلق جسم سے سب سے زیادہ ہوتا ہے یہاں تک کہ ان کی میراث بھی تقسیم نہیں ہوتی اور ان کے ازواج کا نکاح بھی دوسرا نہیں ہوسکتا، جیسا کہ قرآن کریم میں ہے۔ چونکہ ان کی ارواح کاتعلق سب سے زیادہ ہوتا ہے اس لیے شہداء کی طرح انھیں بھی احیاء قرار دیا گیا ہے۔ مگر یہ حیات اس طرح کی نہیں ہے جیسی انھیں موت سے پہلے حاصل تھی۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند