• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 158750

    عنوان: ڈاكٹر كا لیب والوں سے كمیشن لینا؟

    سوال: ایک لیبارٹری ہے بالکل درست ٹیسٹ کرواتا ہے ، اگر کوئی ڈاکٹر اس لیبارٹری والوں سے کہے کہ میں تمہارے پاس ٹیسٹ کے لئے مریض بھیجتا ہوں اس شرط پر کہ آپ فیس میں سے دس فیصد مجھے دیں گے ، لیبارٹری والے بالکل صحیح اور درست ٹیسٹ کرتے ہیں تو کیا اس ڈاکٹر کے لئے یہ رقم لینا جائز ہے یا نہیں؟ اسی طرح لیبارٹری والوں کے لئے یہ رقم دینا جائز ہے یا نہیں ؟ باحوالہ جواب دے کر ممنون اور مشکور فرمائیں۔ سائل مفتی محمد افضل کوئٹہ پاکستان۔

    جواب نمبر: 158750

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 619-515/sn=6/1439

    (الف) صورت مسئولہ میں ڈاکٹر کی طرف سے لیب والوں کے حق میں کوئی قابل ذکر عمل نہیں پایا گیا جس پر شرعاً معاوضہ لینا جائز ہو؛ اس لیے ڈاکٹر کے لیے لیب والوں سے کمیشن لینا شرعاً جائز نہیں ہے، یہی حکم کمیشن دینے کا بھی ہے الا یہ کہ کوئی مجبوری ہو مثلاً ڈاکٹر کمیشن لیے بغیر مریض ہی نہ بھیجے، نتیجةً لیب چلنا مشکل ہوجائے تو پھر اس مجبوری میں دینے کی گنجائش ہوگی۔ (دیکھیں: امداد الفتاوی: ۴/ ۱۴۰، سوال: ۱۶۲، ط: کراچی)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند