• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 58060

    عنوان: ایک سے زیادہ عمرہ کرنے کی صورت میں سر کس طرح منڈوانا پڑے گا؟

    سوال: (۱) میں کراچی سے دبئی پھر مکہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے اپنی والدہ کے ساتھ جارہا ہوں تو کیا دبئی ایئر پورٹ پر احرام باندھ سکتاہوں کہ نہیں؟ (۲) ایک سے زیادہ عمرہ کرنے کی صورت میں سر کس طرح منڈوانا پڑے گا؟ (۳)کیا ہر طواف کے بعد دو رکعت نفل پڑھنی ہے یا سات طواف کے بعد؟ (۴) عمرہ کی ادائیگی کے بعد حرم میں گھر کے کپڑوں میں عبادت کرسکتے ہیں یا نہیں؟ شکریہ

    جواب نمبر: 58060

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 341-4341/H=5/1436-U (۱) اگر آپ کا جہاز دوبئی سے جدہ آرہا ہو تو دبئی ایرپورٹ پر ہی احرام باندھ لیں۔ (۲) پہلے عمرہ کے تمام افعال سے فارغ ہوکر سرمنڈالیں پھر جب دوبارہ عمرہ کریں تو پہلے کی طرح افعالِ عمرہ سے فارغ ہوکر سرپر استرہ پھروالیں یا خود ہی بورے سرپر بلیڈ یا استرہ سے بال صاف کرلیں خواہ اب بال بہت چھوٹے ہوں یا بالکل نہ ہوں تب بھی استرہ یا بلیڈ سے صاف کرلیں اور ہرعمرہ میں اسی طرح سرپر استرہ سے صاف کرتے رہیں، اس کے بغیر حلال نہ ہوں گے۔ (۳) طواف کے سات چکر پورا کرلینے پر ایک طواف ہوتا ہے پس سات چکر طواف کے پورا کرلینے پر دو رکعت نفل پڑھی جائے گی سات طواف کریں تو ہرطواف کے سات چکر لگانے پر دو دو رکعت نفل پڑھتے رہیں۔ (۴) جب عمرہ سے فارغ ہوگئے اور سر منڈالیا تو حرم شریف میں رہتے ہوئے سلے ہوئے کپڑے پہننا جائز ہوگیا اور ان کپڑوں میں عبادت کرنا بلاکراہت صحیح ہے۔ نوٹ: اگر سر کے بال بہت چھوٹے ہوں کہ انگلی کے ایک پوروے کی برابر کٹنے میں نہ آتے ہوں تو ایسی صورت میں احرام سے حلال ہونے کے لیے سرکا منڈانا ہی ضروری ہے، بال کاٹنے سے ایسی شکل میں حلال نہ ہوں گے، اس کا بہت لحاظ رکھا جائے عامةً اس مسئلہ میں حج وعمرہ کرنے والوں سے بسا اوقات غلطی ہوجاتی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند