• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 160897

    عنوان: مفتی ارشاد الحق قاسمی کی ذکر کردہ احادیث کی تحقیق

    سوال: مفتی ارشاد الحق قاسمی صاحب دامت براکاتہم جو کہ دیو بندی مکتبہ فکر کے بڑے عالم دین ہیں احادیث کے ذخیرے پر آپ کی بڑی وسیع نظر ہے اس کا منہ بولتا ثبوت آپ کی کتاب شمائل کبریٰ ہے ۔اس کتاب کی تائید اور پسندیدگی میں درج ذیل پاکستا ن کے محقق عالم دین حضرت مولانامفتی شامزی رحمہ اللہ کا اسم گرامی شامل ہے اس کتاب کی جلد نمبر 3 صفحہ نمبر 120 پر سفید مرغ سے متعلق پانچ احادیث مبارکہ نقل فرمائی گئی ہیں اور آخر میں احناف کا احادیث ضعیفہ کے معاملے میں متواتر منقول قاعدہ بھی ذکر فرمایا ہے ۔ متعدد طرق ہونے کی وجہ سے ان کی تلافی ہو سکتی ہے ۔ اور بھی ہمارے بہت سے اکابرین نے اس قسم کی روایات نقل کی ہیں۔ دریافت طلب یہ ہے کہ ہمارے قریب میں ایک مولوی صاحب اس قسم کی احادیث کا مستقل رد کررہے ہیں اور ان احادیث مبارکہ کوموضوع من گھڑت اور خود ساختہ بتاتے ہیں ۔ براہ کرم، اس پر روشنی ڈالیں۔

    جواب نمبر: 160897

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 954-756/SN=8/1439

    جو مولوی صاحب مرغ سے متعلق شمائلِ کبری میں ذکر کردہ احادیث کو موضوع اور من گھڑت قرار دے رہے ہیں، ان سے کہیں کہ ان روایات کے تمام طرق و اسانید کو سامنے رکھ کر علمائے رجال کے اقوال کی روشنی میں فنی طور پر ان روایات کو موضوع اور من گھڑت ثابت کریں، کیونکہ جب کسی معتبر عالم کی طرف سے کوئی حدیث کتاب میں لکھی جائے تو سرسری طور پر کسی کا اس کے بارے میں موضوع اور من گھڑت کہہ دینا درست نہیں ہے اور نہ ہی ایسے شخص کی بات لائق اعتناء ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند