• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 3073

    عنوان: کیا سعودی عرب کے لوگ مقلد ہیں؟

    سوال:

    (۱) میں سعودی عرب کے لوگوں کے بارے میں جاننا چاہتاہوں ، کیاوہ مقلد ہیں؟ اس کا کیا ثبوت ہے ؟ براہ کرم، اس پر تفصیل سے روشنی ڈالیں ۔اگر وہ لوگ مقلد ہیں تو کس امام کی اتباع کرتے ہیں ؟ یہاں پاکستان میں اہل حدیث پریشان کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہسعودی عرب کے لوگ غیرمقلد ہیں۔کیا تقلید شرک ہے؟

    (۲) مولانا عبدالوہاب کے بارے میں بتائیں ۔یہاں کچھ لوگ پروپیگنڈہ کرتے ہیں کہ عبد الوہاب نجدی تھے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی تصدیق فرمائی ہے، کیاایسا ہے ؟ وہ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ سعودی عرب کے لوگ راہ راست پر نہیں ہیں ، وہ وہابی ہیں ، مکہ اور مدینہ کے اماموں کے پیچھے نماز جا ئز نہیں ہوتی کیونکہ وہ عبد الوہاب کے ماننے والے ہیں ، وہابی ہیں ، براہ کرم، صحیح واقعہ سے آگاہ کریں ۔

    (۳) میں پاکستان میں رہتاہوں ، یہاں کے لوگوں کا کہناہے کہ سعودی عرب کے لوگ خصوصا مکہ اور مدینہ کو لوگ ناجائز طور پرحکومت پر قابض ہیں ، کیا واقعہ ایساہی ہے؟ لوگ یہ حقیقت بھی بیان کرتے ہیں کہ شاہ احمد نورانی جن کا انتقال ہوچکاہے، نے حکومت ختم کرنے کے لئے ایک تنظیم بنام ”جماعت نماز“ شروع کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں دربدر کریاگیااور زندگی بھر پابندی عائد کردی گئی ، براہ کرم، پورا وقعہ بتائیں کہ سچ کیاہے؟ ہم لوگ ان دنوں پریشان ہیں کیونکہ اس قسم کے واقعات سے ہمارایمان متزلزل ہورہاہے۔

    جواب نمبر: 3073

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1644/ ھ= 302/ تھ

     

    (۱) پاکستان میں جوغیرمقلدین آپ کو پریشان کرتے ہیں، ان کا حال سعودی عرب کے حضرات کے بالکل خلاف ہے، سعودی عرب میں چوٹی کے علمائے کرام تقلید کو نہ حرام قرار دیتے ہیں نہ شرک کہتے ہیں، بلکہ بڑی تعداد ان علمائے کرام کی تقلید کو اختیارکیے ہوئے ہے، امام احمد ابن حنبل رحمہ اللہ کے عامةً وہاں کے اہل علم مقلد ہیں جیسا کہ خود ان کی کتب اس پر شاہدِ عدل ہیں، منجملہ ان کتابوں کے شیخ عبدالوہاب نجدی کی سوانح ہے جو سعودی عرب کے علمائے کرام کی مصدقہ ہے، اس میں شیخ کے صاحبزادہ نے صاف لکھا ہے کہ ہمارے باپ حنبلی تھے،یعنی مقلد تھے اور وہ بدعتی نہ تھے جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ ترک تقلید یعنی غیرمقلدیت بدعت قبیحہ ہے، علمائے عرب کے فتاویٰ سے بھی یہی امور ثابت ہیں، بلکہ رابطہٴ عالم اسلامی کی تجاویز بھی اسی کو مُثبت ہیں۔

    (۲) شیخ عبدالوہاب نجدی صحیح العقیدہ عالم تھے، حضرت مولانا منظور احمد صاحب نعمانی رحمہ اللہ کی کتاب: شیخ عبدالوہاب کے متعلق پروپیگنڈہ ملاحظہ کریں۔ یہ کتاب پاکستان کے کتب خانوں سے قیمتاً مل جائے گی۔ جو لوگ حضرات ائمہٴ حرمین شریفین -زادہما اللہ شرفا و کرامة وہیبةً- کے پیچھے نماز کو ناجائز کہتے ہیں، ان کا قول بالکل غلط اور خلاف دلیل ہے۔

    (۳) جو پاکستانی ایسا کہتے ہیں ان سے کہیے کہ وہ ناجائز قبضہ کی دلیل شرعی بیان کریں۔

    (۴) نہ ہم نورانی سے واقف ہیں کہ یہ کون شخص تھا؟ نہ ہی اس کی قائم کردہ تحریکات سے واقفیت ہے؟ آپ اگر نورانی اور اس کی تحریک سے علیحدہ رہیں تو کیا پریشانی ہوگی؟ ہماری سمجھ میں نہیں آیا، تاہم اگر پھر بھی پریشانی دور نہ ہو توپاکستان کے علمائے کرام اصحابِ فتویٰ حضرات سے ہی تحقیق کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند