• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 163896

    عنوان: فقہ حنفی كی وہ كتابیں جن میں احادیث مذكور ہیں

    سوال: میرے کچھ اہل حديث دوست مختلف مسائل میں بخاری، مسلم وغیرہ سے حوالہ دیتے ہیں ، لیکن میں صرف یہی کہتاہوں کہ ابو حنیفہ نے یہ کہا ہے اور میرے پاس کوئی حدیث نہیں ہوتی ہے ان کے سامنے یہ ثابت کرنے کے لیے ابو حنیفہ کی رائے بھی درست ہے؟ اس معاملے میں میں اپنے غیر محفوظ پاتاہوں۔ براہ کرم، فقہ حنفی کی کچھ کتابوں کے نام بتائیں جن میں فقہ حنفی کے مسائل سے متلعق احادیث مذکور ہوں، ہدایہ کے علاوہ؟ دوسری بات یہ ہے کہ میں حدیث اور ابو حنیفہ کے بارے میں تذبذب کا شکار ہوں کہ ہمیں کس کو ماننا چاہئے؟ کتب احادیث کویا ابو حنیفہ کو؟ براہ کرم میرے شبہ کا ازالہ فرمائیں۔

    جواب نمبر: 163896

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1385-1220/H=12/1439

    (۱) (الف) بذل المجہود فی حل ابی داود (ب) اوجز المسالک شرح الموٴطا امام مالک رحمہ اللہ (ج) اعلاء السنن، یہ تینوں کتابیں تو عربی میں ہیں اور (د) تجلیاتِ صفدر (اردو) ان تمام کتب کا بغور مطالعہ فرمائیں اور جب اُن کے مطالعہ سے فارغ ہوجائیں تو دیگر کتابوں کے متعلق معلوم کرلیں اس وقت آپ کے مطالعہ کو ملحوظ رکھ کر رہنمائی ان شاء اللہ کردی جائے گی۔

    (۲) آپ اگر کچھ پڑھے لکھے آدمی ہیں تو تذبذب کے شکار ہوجانے پر تعجب ہے، حضرت امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ تعالیٰ رحمة واسعہ قرآن کریم، حدیث شریف کے ذخائر کو سامنے رکھ کی یہی حکم شریعت ارشاد فرماتے ہیں۔ ایسی صورت میں یہ سوال کہ ہم کتب حدیث کو مانیں یا امام ابوحنیفہ کو مانیں یہ مہمل سوال ہے اللہ پاک فہم سلیم سے نوازے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند