• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 2236

    عنوان: آٹو رکشا وغیرہ میں لڑکیوں كے بغل میں بیٹھنے سے روزہ پر اثر پڑتا ہے یا نہیں؟

    سوال: سو ال یہ ہے کہ حدیث کے مطابق کسی بھی عورت کو دیکھنا منع ہے ، لیکن دنیا کے اعتبار سے آ جکل اکثر غیر مہذب لڑکیا ں پینٹ اور شرٹ میں ہوتی ہیں، راستے میں ان پر نگاہ تو پڑہی جاتی ہے۔ کبھی ایسا بھی ہوتاہے کہ آٹو رکشا میں لڑکیا ں بغل میں بیٹھ جاتی ہیں، نفس پر تو کنٹرول کرلیتاہوں، لیکن رمضان کا مہینہ آرہاہے اس میں لڑکیوں پر تو ضرور نظر پڑے گی اور پڑھنے جانے میں تو آٹو رکشا میں یہ حرکت ہوسکتی ہے تو کیا اس سے روزہ پر کو ئی اثر پڑے گا؟

    جواب نمبر: 2236

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1959/ ھ= 1506/ ھ

     

    اچانک نظر پڑجائے اور فوراً ہٹالے، نہ دوبارہ ڈالے اور نہ ہی نظر کو جمائے رکھے تو گناہ نہیں بلکہ نظر ہٹالینا موجب اجر ہے، نظر پڑنے اور برابر میں بیٹھ جانے کی وجہ سے روزہ تو فاسد نہیں ہوتا البتہ ایسے مواقع میں قلب و نظر کو پاک صاف رکھنے میں حتی المقدرت کوشش کرے، جسم سے جسم کا مس نہ ہو اس کی بھی سعی کرے تو ان شاء اللہ موٴاخذہ نہ ہوگا۔ اگر جسم سے جسم لگنے کی حالت میں انزال ہوگیا تو اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور قضاء لازم آتی ہے، اس لیے آٹو رکشا یا دیگر سواری میں حتی الامکان اس سے اپنا بچاوٴ رکھا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند