• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 66913

    عنوان: پیشاب کے قطروں کا آنا !

    سوال: مجھے ایک پریشانی ہے جس سے میں نماز یا قرآن نہیں پڑھ پاتا ہوں ، پیشاب کرنے کے بعد مجھ کو پیشاب کے قطرے آتے ہیں ۳۰ /منٹ کے بعد جب میں چیک کرتا ہوں تو کچھ قطرے آتے ہیں اور کبھی قطرے نہیں آتے ہیں ، اور قطرے رکتے نہیں ہیں ۔ کیا میں اس حالت میں غسل کر سکتا ہوں؟ نماز پڑھ سکتا ہوں؟ قرآن پڑھ سکتا ہوں؟

    جواب نمبر: 66913

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1001-1001/M=10/1437

    قرآن پڑھنے کے لیے باوضو ہونا شرط نہیں، بلاوضو بھی قرآن پڑھ سکتے ہیں البتہ قرآنی آیات کو بلاوضو چھونا اور ہاتھ لگانا درست نہیں، اور پیشاب کا قطرہ آنے سے وضو ٹوٹتا ہے غسل نہیں ٹوٹتا، لہذا محض پیشاب کا قطرہ آنے کی وجہ سے غسل کرنا لازم و واجب نہیں ہاں نماز پڑھنے کے لیے باوضو ہونا شرط ہے اگر پیشاب کا قطرہ آنے کی وجہ سے وضو ٹوٹ گیا تو وضو کرکے نماز پڑھیں اور وضو سے پہلے اگر قطرہ بدن یا کپڑے میں لگ گیا ہے اور وہ پھیلاوٴ میں درہم سے زائد ہے تو اس کو دھونا بھی ضروری ہے۔ آپ کو پیشاب کا قطرہ آنے کی شکایت اگر اس تسلسل کے ساتھ ہے کہ ایک نماز کے وقت میں اتنا بھی وقفہ خالی نہیں ملتا کہ اس میں وضو کرکے فرض نماز ادا کرسکیں تو اس صورت میں آپ شرعی معذور ہوں گے اور اس کا حکم دوسرا ہے اگر صورت حال ایسی ہے تو وضاحت کرکے سوال دوبارہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند