• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 606836

    عنوان:

    نماز میں بار بار کھجلانا

    سوال:

    سوال : اگر امام نماز میں ایک ہاتھ سے خارش کرلے اور 3 بار سبحان اللہ سے زیادہ عدد تک کرے تو کیا نماز فاسد ہو جائے گی۔ میں نے ایک قول دیکھا تھا کہ اگر ایک ہاتھ سے کیا جائے تو نماز فاسد نہیں ہو گی عمل قلیل تو آپ نماز کا حکم بتا دیں ۔

    جواب نمبر: 606836

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 253-330/M=04/1443

     عمل کثیر سے نماز فاسد ہوجاتی ہے، عمل قلیل سے فاسد نہیں ہوتی۔ اگر نماز میں کسی نے (امام ہو یا منفرد) ایک رکن میں تین مرتبہ کھجایا اور ہر مرتبہ کھجانے کے لیے ہاتھ اٹھایا اور تینوں مرتبہ کھجانا متوالیاً (لگاتار) ہو یعنی کھجانے کے لیے تین مرتبہ ہاتھ اٹھانے کی درمیانی مدت، تین دفعہ سبحان ربی الاعلی کہنے کی مقدار وقت سے کم ہو اور دیکھنے والا یہ سمجھے کہ یہ شخص نماز میں نہیں ہے تو یہ عمل کثیر ہے، اس سے نماز فاسد ہوجائے گی۔ اگر تینوں حرکات غیر متوالیہ ہوں یعنی ان کے درمیان بقدر رکن وقت سے زیادہ وقفہ ہو یا تینوں حرکات ایک ہی رکن میں نہ ہوں تو نماز فاسد نہ ہوگی ہٰکذا فی کتب الفتاوی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند