• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 486

    عنوان: ظہر کی نماز کا وقت کب تک رہتا ہے؟

    سوال:

    ظہر کی نماز ہم کب تک پڑھ سکتے ہیں بغیر قضا کیے؟ہمارے پاس نماز کا جو چارٹ ہے اس کے مطابق یہاں آج کل عصر کا وقت 6:15 شام ہے، لیکن نماز گھڑی میں وقت 5:10 ہے ،حنفی کے حساب سے ،ہم 6:15 کے بعد ہی عصر کی نماز پڑھتے ہیں۔ لیکن ظہر کی نماز کا پتہ کرنا ہے کہ ہم اسے 5:10 ہی تک ہی پڑھ سکتے ہیں یا ظہر کا وقت 6:15 تک رہتا ہے؟

     

    مغرب کی نماز بھی کیا جب تک عشاء کی اذان نہ ہو پڑھ سکتے ہیں یا اس کا بھی متعین وقت ہے؟جیسے آج کل مغرب 8:22 تک ہوتی ہے اور عشاء 9:45 پرہے۔ براہ کرم، یہ بتائیں کہ مغرب کتنے بجے تک پڑھ سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 486

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 199/ل=200/ل)

     

    ظہر کا وقت جب ہرچیز کا سایہ سایہٴ اصلی کے علاوہ دو مثل ہوجائے اس وقت تک رہتا ہے اور یہی امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ سے ظاہر الروایة میں مروی ہے، شامی میں ہے: إلی بلوغ الظل مثلیہ ھذا ظاھر الروایة عن الإمام (شامي: 2/17، ط زکریا دیوبند) باقی گھنٹے کے اعتبار سے وقت کی تعیین کے سلسلے میں آپ وہاں کے علماء سے رابطہ کریں۔

     

    مغرب کا وقت مفتی بہ قول کے مطابق غروب شفق احمر تک ہے: ووقت المغرب منہ إلی غروب الشفق وھو الحمرة عندھما وبہ قالت الثلاثة وإلیہ رجع الإمام .... فکان ھو المذھب (شامي: 2/17، ط زکریا دیوبند) موجودہ وقتوں کے حساب سے اگر آپ وقت معلوم کرنا چاہتے ہیں تو آپ کسی مستند شخص کے تیار کردہ نقشہ کے اعتبار سے معلوم کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند