• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 608799

    عنوان:

    کسی نامعلوم شخص کے خواب کو میسج کرنا

    سوال:

    سوال : مجھے ایک شخص نے میسج کیا وہ لکھتا ہے کہ" ایک شخص نے خواب میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو کہا قرآن پڑھو اور اور نماز کی پابندی کرو پھر فرمایا جو شخص یہ پیغام دس لوگوں کو پہنچائے تو ٹھیک دس دن بعد اس کو خوشی ملے گی اگر نہیں پہنچائے گا تو ٹھیک دس دن بعداس کے اوپر غموں کا سیلاب آئے گا ،اس نے قسم کھا کر یہ بات کی اور تاکیدا کہا کہ یہ جھوٹ نہیں ہے ۔ آپ سے عرض ہے کہ اس کی شرعی حیثیت بتا دیجئے ۔ اکثر و بیشتر اس قسم کے پیغامات واٹسپ، فیس بک وغیرہ میں گردش کرتے رہتے ہیں کیا اس طرح کے میسجز/پیغامات پر یقین رکھنی چاہیے ؟ کیا یہ حقائق پر مبنی ہوتی ہیں؟ کیا قرآن و حدیث میں ایسی کوئی بات بیان کی گئی ہے کہ یہ پیغام دس لوگوں کو بھیج دو تو خوشی ملے گی اگر نہیں بھیجو گے تو دس دن بعد غمگین ہو جاو گے وضاحت فرما کر شکریہ کا موقع دیجئے ۔

    جواب نمبر: 608799

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 780-525/H=06/1443

     اس خواب کو میسج کرنا یا کرنے کی ترغیب دینا جائز نہیں پہلے کاغذات میں چھپواکر اس قسم کے خواب کو پھیلایا کرتے تھے اب موبائل اور واٹس ایپ وغیرہ کا زمانہ ہے اس لیے اس طرح کی باطل چیزوں میں ان ذرائع کا استعمال ہونے لگا سو سال سے زائد عرصہ سے اس قسم کے خواب اور اس کو پھیلانے کا کام اہل باطل کر رہے ہیں فتاوی رحیمیہ فتاوی محمودیہ وغیرہ میں بھی اس قسم کے خواب کے غلط اور باطل ہونے کو بتلایا گیا ہے رہا معاملہ قرآن کریم کی تلاوت اور اہتمام کا تو اس کے لیے مسلمانوں کو اس قسم کے خواب کی ضرورت نہیں اس قسم کے مضامین تو خود قرآن کریم اور حدیث شریف نیز ثقہ علماء کرام اہل سنت والجماعت کی کتب معتبرہ میں موجود ہیں اور مسلمانوں کو عمل کرنے کے لیے وہی کافی ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند