• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 158377

    عنوان: گناہوں سے توبہ واستغفار خیرو برکت اور خوشحالی کا ذریعہ

    سوال: ایک کڑور کا قرض ہے ، میری زندگی بہت تنگ ہے بسم اللہ الرحمن الرحیم ،تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ ہی کے لئے ہیں۔ مفتی صاحب میں پریشان حال ہوں میں لگ بھگ بیس سال اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی، کبیرہ گناہ ہوں سے میرا سارا مال ختم ہو گیا، پھر قرض لینا شروع کیا پھر سود میں پیسے لیا سود دیتے دیتے اتنا قرض ہو گیا گھر سے بھاگنا پڑا، پھر اللہ تعالیٰ نے مجھے ہدایت دی، اللہ کا شکر ہے دس سال ہو گئے قرض بھی ادا نہیں ہوا، روزی تنگ ہے ، ضرورتیں بھی پوری نہیں ہوتیں، قرض بھی ادا نہیں ہوتا ہے ، ایک کروڑ کا قرض ہے اور روزی تنگ ہے ، میں کروں؟

    جواب نمبر: 158377

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 517-447/D=5/1439

    قصور کا اعتراف کرتے ہوئے سابقہ گناہوں سے توبہ استغفار کرنے کی توفیق مل جانا بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ہے پس رحمت الٰہی آپ کی طرف متوجہ ہے رو رو کر توبہ استغفار کریں، اللہ تعالیٰ کے یا بندوں کے جو حقوق واجبہ ذمہ میں ہیں انھیں ادا کرنے کی فکر کریں، جن حقوق کا ادا کرنا اختیار میں ہے انھیں ادا کرنا شروع کردیں ان کی برکت سے فی الحال جو اختیار میں نہیں ہیں ان کے اسباب بھی پیدا ہوجائیں گے۔

    حضرت نوح علیہ السلام نے اپنی قوم سے فرمایا فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّکُمْ إِنَّہُ کَانَ غَفَّارًاOیُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَیْکُمْ مِدْرَارًاOوَیُمْدِدْکُمْ بِأَمْوَالٍ وَبَنِینَ وَیَجْعَلْ لَکُمْ جَنَّاتٍ وَیَجْعَلْ لَکُمْ أَنْہَارًاO․(سورہ نوح)

    ترجمہ: میں نے (ان سے یہ) کہا کہ تم اپنے پروردگار سے گناہ بخشواوٴ (یعنی ایمان لے آوٴ تاکہ گناہ بخشے جائیں) بیشک وہ بخشنے والا ہے (اگر تم ایمان لے آوٴگے تو علاہ اخروی نعمت کے) کہ (مغفرت ہے دنیوی نعمتیں بھی تم کو عطا کرے گا چنانچہ)کثرت سے تم پر بارش بھیجے گا اور تمھارے مال واولاد میں ترقی دے گا اور تمھارے لیے نہریں بہادے گا۔

    قرض دور ہونے کے لیے ہرنماز کے بعد یہ دعا کثرت سے پڑھیں۔

    اللَّہُمَّ اکْفِنِی بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ، وَأَغْنِنِی بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ․


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند