• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 605446

    عنوان:

    کیا شوہر فوت شدہ بیوی کو غسل دے سکتا ہے ؟

    سوال:

    ایک اہم مسئلہ کے سلسلہ میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں راہنمائی درکار ہے . 1. کیا شوہر بیوی کے فوت ہونے کے بعد اس کا چہرہ دیکھ سکتا ہے ؟ 2.کیا شوہر فوت شدہ بیوی کو غسل دے سکتا ہے ؟ 3.کیاشوہر بیوی کی میت کو کاندھا دے سکتا ہے ؟ 4.کیا شوہر بیوی کی میت کو قبر میں اتار سکتا ہے ؟ 5. کیا نکاح قائم رہتا ہے ؟ 6. اور اگر شوہر فوت ہو جائے تو درجہ بالا تمام سوالات کے جوابات بیوی کے معاملے میں کیا ہوں گے ؟ جیسا کے کہا جاتا ہے کہ بیوی یا شوہر کے مرنے کی صورت میں نکاح ختم ہو جاتا ہے تو پھر شوہر کے انتقال کی صورت میں بیوی کو وراثت میں حقدار کیسے قرار دے دیا جاتا ہے ؟

    برائے مہربانی مذکورہ بالا تمام افکار و سوالات کا شریعت مطہرہ کی روشنی میں تفصیلی جواب عنایت فرمائیں۔ متمنی و شکر گزار

    جواب نمبر: 605446

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1187-856/B=01/1443

     (۱) بیوی فوت ہوگئی تو رشتہ نکاح ختم ہوگیا اور وہ اجنبیہ ہوگئی، اسے غسل نہیں دے سکتا، نہ چھو سکتا ہے؛ البتہ شوہر اس کا چہرہ دیکھ سکتا ہے۔

    (۲) جی نہیں غسل بھی نہیں دے سکتا۔

    (۳) جی ہاں جنازہ کو کاندھا دینا شوہر کے لئے جائز ہے۔

    (۴) بہتر یہ ہے کہ اس کا بیٹا، باپ، بھائی وغیرہ قبر میں اتارے۔

    (۵) جی نہیں نکاح ختم ہوجاتا ہے جیسا کہ اوپر تحریر کیا گیا۔

    (۶) شوہر کی وفات کے وقت زوجیت کا تعلق باقی رہتا ہے لہٰذا شوہر کے ترکہ میں بیوی وارث اور حقدار ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند