• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 63927

    عنوان: مرحوم والدین کی طرف سے حج کریں تو کیا ثواب ان کو ملے گا؟

    سوال: سوال یہ ہے کہ ہمارے والدین کا انتقال ہوگیا ہے تو ہم ان کے نام سے حج کرسکتے ہیں؟ اگرحج کرسکتے ہیں تو کیا اس کا ثواب ان کو ملے گا؟ (۲) ایک سوال یہ ہے کہ اگر ہم گھر میں کمانے والے ہیں اور ہم نے ابھی حج نہیں کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہم اپنے والدین کو پہلے حج کرائیں تو کیا یہ صحیح ہوگا؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 63927

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 529-505/N=5/1437 (۱) جی ہاں! آپ اپنے والدین کے نام سے حج کرسکتے ہیں اور انھیں اس کا ثواب بھی ملے گا ان شاء اللہ تعالیٰ۔ (۲) اگر آپ پر حج فرض ہوچکا ہے تو آپ پہلے اپنا حج کریں، اس کے بعد اگر وسعت ہو تو والد اور والدہ کو حج کرائیں، اپنا حج فرض موٴخر کرکے والدین یا کوئی اور کو حج پر بھیجنا عقل مندی کی بات نہیں؛ بلکہ حج فرض میں تاخیر کی وجہ سے آدمی گنہ گار ہوگا، اور اگر والدین پر حج فرض ہوچکا ہے تو وہ اپنے مال سے حج کی سعی وکوشش کریں، اور اگر آپ کے پاس وسعت ہو اور آپ اپنے ساتھ انہیں بھی حج پر لے کر جائیں تو اس میں کچھ حرج نہیں؛ بلکہ اچھی بات ہے، علی الفور فی العام الأول عند الثانی أصح الروایتین عن الإمام ومالک وأحمد الخ (درمختار مع شامي: ۳/ ۴۵۴ مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند