• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 59731

    عنوان: نکاح سے پہلے منگیتر عام اجنبی لڑکیوں کی طرح ہوتی ہے

    سوال: آپ لوگ نہایت ہی عمدہ اور مسلمانوں کی سربراہی کا کام انجام دے رہے ہیں۔ اللہ آپ لوگوں کی اس محنت کا بہت نعم البدل عطا فرمائیں۔ سوال یہ پوچھناتھا کہ میری شادی کو چار پانچ ماہ بعد ہونے والی ہے، میری ہونے والی بیوی بہت ہی نیک اور دیندار خاتون ہے، ہمارے درمیان اکثر بات چیت ہوتی رہتی ہے، خصوصا ً دین کی باتیں اور مسائل پہ۔ ایک روز اس نے خواب دیکھا فجر کے وقت کہ وہ اپنے نانی کے گھر کے صحن میں سوہوئی ہے ، اور اچانک آنکھ کھلتی ہے تو سیدھے چاند پر نظر پڑتی ہے ، کیا دیکھتی ہے کہ اوپر حصہ میں تیسرا کلمہ اور نچلے حصے میں پہلا کلمہ لکھا ہوا ہے ، جسے وہ صاف صاف پڑھ سکتی ہے، درمیان میں بھی کچھ لکھا ہوا تھا، لیکن خیال نہیں رہا کہ کیا تھا۔ اس کے بعد آنکھ کھل جاتی ہے ، اس نے اس خواب کا مجھ سے تذکرہ کیا۔ آپ مہربانی کرکے اس کی تعبیر بتائیں۔ جزاک اللہ خیرا۔

    جواب نمبر: 59731

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 715-705/N=8/1436-U خواب کی تعبیر سے پہلے آپ یہ مسئلہ جان لیں کہ نکاح سے پہلے منگیتر عام اجنبی لڑکیوں کی طرح ہوتی ہے؛ لہٰذا آپ دونوں کا جو فون پر رابطہ ہے یہ شرعاً درست نہیں، اس کے بعد خواب کی تعبیر یہ ہے کہ آپ کی ہونے والی بیوی اگر نیکی اور تقویت کی فکر کرے گی تو اس کے ایمان اور اعمال صالحہ میں ترقی ہوگی، اس کا فون پر آپ سے جو رابطہ ہے یہ اس کے لیے دینی اعتبار سے مضر ہے، اسی لیے چاند کے درمیان حصہ میں لکھا ہوا اسے پڑھا نہیں جاسکا یا یاد نہیں رہا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند