• عبادات >> قسم و نذر

    سوال نمبر: 604627

    عنوان:

    كسی نے قسم كھائی كہ اگر گالی دی تو پانچ روزے ركھوں گا‏، وہ اگر كبھی گالی دیدے تو كیا حكم ہے؟

    سوال:

    مجھے گالی دینے کی عادت تھی، اس لیے میں نے قسم کھائی تھی کہ اگر میں کسی کو گالی دوں تو میں پانچ دن کے روزے رکھوں گا، الحمد للہ، میری یہ عادت چھوٹ گئی ، لیکن یہ قسم کھانے کے بعد کئی مرتبہ گالی دی ہے اور مجھے یاد نہیں ہے کہ کتنی مرتبہ گالی دی ہے، اورمجھے یہ بھی یاد نہیں ہے کہ میں نے کب یہ قسم کھائی تھی اور کب گالی دی تھی، تو میں کیسے اپنی قسم پوری کروں؟ کیا اس کو پورا کرنے کا کوئی دوسرا طریقہ ہے یا نہیں؟ اور جب میں نے قسم کھائی تھی تو مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس کو پورا کرنا واجب ہے، نیز اگر میں مستقبل میں کسی کو گالی دوں تو مجھے پانچ دن کے روزے رکھنے ہوں گے۔ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 604627

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1028-843/M=01/1443

     آپ نے اگر جب جب کا لفظ نہیں کہا تھا تو صورت مسئولہ میں صرف ایک کفارہ واجب ہے۔ قسم کا کفارہ دس مسکینوں کو دو وقت پیٹ بھر کر کھانا کھلانا یا کپڑے پہنانا ہے، اگر اس پر قدرت نہ ہو تو لگاتار تین روزے رکھنا ہے۔ آپ کو قسم کا حکم پتہ نہ رہا ہو تب بھی یہی حکم ہے کہ حانث ہونے پر قسم کا کفارہ لازم ہے۔ مستقبل میں اگر کسی کو گالی دیں گے تو سابقہ قسم کی وجہ سے دوسرا کفارہ واجب نہیں ہوگا ہاں اگر پہلی قسم کا کفارہ ادا کردینے کے بعد پھر قسم کھائیں اور حانث ہوجائیں تو پھر سے کفارہ ادا کرنا ہوگا، اس لیے آئندہ احتیاط کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند