• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 50927

    عنوان: میرا ایک دوست ہے ایک سال پہلے کسی لڑکی کے ساتھ اس کا تعلق تھا، اس نے مجھ سے کہا کہ وہ ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے تھے اور بچپن میں انہوں نے قرآن پہ قسم کھائی تھی کہ ہم ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، دونوں کی عمر اٹھارہ سال تھی، اس نے مجھے اور بتا یا کہ دونوں کے بیچ مباشرت کے سوا بہت کچھ ہوا ہے،

    سوال: میرا ایک دوست ہے ایک سال پہلے کسی لڑکی کے ساتھ اس کا تعلق تھا، اس نے مجھ سے کہا کہ وہ ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے تھے اور بچپن میں انہوں نے قرآن پہ قسم کھائی تھی کہ ہم ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، دونوں کی عمر ٹھارہ سال تھی، اس نے مجھے اور بتا یا کہ دونوں کے بیچ مباشرت کے سوا بہت کچھ ہوا ہے، گھروالوں کو خبر تھی، لیکن میرے دوست نے اللہ کے فضل سے توبہ کرلی ہے، اسے ہدایت ملی گئی ہے اور اب وہ پریشان رہتاہے کہ کیا کرنا چاہئے؟وہ لڑکی اب ذہنی دباؤ کی شکار ہوگئی ہے، کیوں کہ میرا دوست بات نہیں کرتاہے، اب آپ مہربانی کرکے کوئی حل بتائیں ، شریعت کیا کہتی ہے کہ کیا کرنا چاہئے ؟ اور اگر کوئی کفارہ ہو تو میرا دوست ضرور ادا کرنا چاہے گا، اور کیا اس کا نکاح اب اس لڑکی سے ہوسکتاہے؟ اور کیا اسے اب اس لڑکی سے بات کرنی چاہئے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 50927

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 424-486/N=4/1435-U (۱) اس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، توبہ کے بعد پورے طول پر سچائی کے ساتھ توبہ پر ثابت قدم رہنا چاہیے۔ (۲) لڑکی سے کسی رابطہ کے بغیر اس کے لیے یہ دعا کرسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ناجائز محبت سے اس کے دل کو پاک وصاف فرمائیں اوراسے بھی ہدایت عنایت فرمائیں۔ (۳) اس میں مالی کوئی کفارہ نہیں، البتہ توبہ ٹوٹنے نہ دے بلکہ اس پر مضبوطی کے ساتھ ثابت قدم رہے۔ (۴) جی ہاں! اگر وہ لڑکی اس کی رضاعی بہن نہیں ہے، نیز کوئی اورمحرمیت کا رشتہ بھی نہیں ہے، تو اس سے اس کا نکاح درست ہے، البتہ دونوں والدین سے چھپ کر اپنے طور پر نکاح نہ کریں کیوں کہ یہ شریعت میں پسندیدہ نہیں بلکہ ان کی سرپرستی اور ولایت ہی میں نکاح کریں۔ (۵) وہ لڑکی اجنبیہ ہے، نیز اس سے بات کرنے میں سخت فتنہ کا بھی اندیشہ بلکہ قریب بیقین غلبہ ظن ہے، لہٰذا اس کے لیے اس سے بات چیت کرنا ہرگز درست نہیں، خواہ موبائل سے ہو یا آمنے سامنے براہ راست بلکہ دوسری صورت سخت فتنہ کی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند