• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 603860

    عنوان:

    چوتھی مسجد میں جمعہ شروع كرنا جب كہ تین مسجدیں كافی تھیں؟

    سوال:

    ہمارے شہر میں سات مسجد ہیں ان میں سے تین مسجد میں جمعہ کی نماز ہوتی تھی اور اب چوتھی مسجد میں جمعہ کی نماز شروع کی ہے حالانکہ ان تینوں مسجد میں پورے شہر کے لوگ آسانی سے آسکتے ہیں اب یہ چوتھی مسجد میں نماز کی وجہ سے تین مسجد جمعہ میں کھالی رہتی ہے تو کیا چوتھی مسجد میں نماز شروع کرنا صحیح ہے؟

    جواب نمبر: 603860

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:650-493/N=8/1442

     جس بستی میں جمعہ کی شرائط پائی جاتی ہوں، وہاں ایک سے زائد مساجد میں جمعہ کا قیام بلا کراہت درست ہوتا ہے؛ بلکہ اگر اُس بستی میں کسی جگہ بلا ضرورت جمعہ قائم کیا گیا تو وہ بھی درست ہوگا، مسلک احناف کا مفتی بہ قول یہی ہے؛ البتہ عام حالات میں بہتر یہ ہے کہ بستی کی ہر ہر مسجد میں جمعہ قائم نہ کیا جائے؛ بلکہ صرف جامع مسجد میں یا حسب ضرورت ومصلحت چند دیگر مساجد میں جمعہ قائم کیا جائے؛ تاکہ جمعہ کی نماز میں مجمع کی کثرت سے مسلمانوں کی اسلامی شان وشوکت کا اظہار ہو، جو جمعہ کی مشروعیت کا ایک مقصد ہے۔

    پس آپ کے یہاں تین مساجد کے علاوہ چوتھی مسجد میں جو جمعہ قائم کیا گیا ہے، اگر وہاں سے دوسری تین مساجد کافی دوری پر ہیں کہ لوگوں کو وہاں جمعہ کے جانے میں حرج ومشقت ہوتی ہے یا وہ مسجد غیر مسلم اکثریت یا مسلم وغیر مسلم مخلوط علاقے میں ہے کہ جمعہ کے دن محلہ کے سب بالغ مردوں کا دوسرے محلہ میں جانا خلاف مصلحت ہے یا کوئی اور جائز مصلحت اُس مسجد میں جمعہ کے قیام کا باعث ہے تو ایسی صورت میں چوتھی مسجد میں جمعہ کے قیام میں شرعاً کچھ مضائقہ نہیں، لوگوں کو اس پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے ۔

    (وتوٴدی في مصر واحد بمواضع کثیرة) مطلقاً علی المذھب، وعلیہ الفتوی، شرح المجمع للعیني وإمامة فتح القدیر دفعاً للحرج۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الصلاة، باب الجمعة، ۳: ۱۵، ۱۶، ط: مکتبة زکریا دیوبند، ۵: ۲۸، ۲۹، ت: الفرفور، ط: دمشق)۔

    قولہ: ”مطلقاً“: …ومقتضاہ أنہ لا یلزم أن یکون التعدد بقدر الحاجة کما یدل علیہ کلام السرخسي الآتي۔ قولہ: ”علی المذھب“: فقد ذکر الإمام السرخسي أن الصحیح من مذھب أبي حنیفة جواز إقامتھا في مصر واحد في مسجدین وأکثر، وبہ نأخذ لإطلاق ”لا جمعة إلا في مصر“، شرط المصر فقط۔(رد المحتار)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند