• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 602554

    عنوان:

    گنے کی اجرت کی ایک شکل کا حکم

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان شرع متین مسئلئہذیل کے بارے میں کہ ہمارے علاقہ میں جب گنے کی ایکھ کی کٹائی ہوتی ہے تو گنا کاٹنے کی اجرت میں گنے کے اوپر جو اگولا ہوتا ہے جسے جانور کھاتے ہیں وہ اگولا گنا کاٹنے کی اجرت میں دیا جاتا ہے ایک مفتی صاحب کا کہنا ہے کہ یہ جائز نہیں ہے وہ کہتے ہیں کہ جو چیز مزدور کے کام سے وجود میں آئے اس میں سے مزدور کی مزدوری دینا جائز نہیں ہے جبکہ مدرسہ شاہی کے مفتی شبیر صاحب کا کہنا ہے کہ تعامل ناس کی وجہ سے جائز ہے قفیز طحان والی روایت کو وہ اصول کے درجے میں نہیں مانتے لیکن ہمارے علاقہ کے مفتی صاحب مفتی شبیر صاحب کی بات کو بھی غلط قرار دیتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ قفیز طحان والی روایت اپنے مضمون کے اعتبار سے اصول کے درجہ میں ہے لہذا یہ جائز نہیں اب آپ حضور والا سے درخواست ہے کہ مسئلہ کی جو حقیقت ہو تفصیل سے واضح کردیں اور عنداللہ ماجور ہوں ۔ 

    جواب نمبر: 602554

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:490-523/L=8/1442

     مذکورہ بالا صورت میں ایکھ کٹوانے کی صورت میں اسی ایکھ کے "اگولا" کو مزدورکے لئے بطور اجرت طے کرنا جائز نہیں ؛کیونکہ یہ عمل سے اجرت دینا ہوا، اور احادیث میں اس کی ممانعت آئی ہے؛ البتہ اس معاملے کے جواز کی یہ صورت اختیار کی جاسکتی ہے کہ مطلقا "اگولا" کو بطور اجرت طے کرلیاجائے کہ ہم آپ کو اتنا اگولا بطوراجرت دیں گے خواہ کہیں سے دیں اب اگر آپ اسی ایکھ کے اگولا کو بطور اجرت دیدیں تو شرعا اس کی گنجائش ہوگی، مفتی صاحب نے جو مسئلہ بتایا ہے وہ صحیح اور درست ہے ۔

    (مستفاد از احسن الفتاویٰ :۷/ ۲۳۱/ ط زکریا دیوبند) وتفسد ایضا اذا جعل الاجر بعض ما یخرج من عمل الاجیر کما لو دفع غزلا لاخر لینسجہ بنصفہ او استاجر بغلا لیحمل طعامہ لبعضہ او ثورا لیطحن برہ ببعض دقیقہ فان الاجارة فاسدة فی الکل لانہ استاجرہ بجزء من عملہ والاصل فی ذالک نہیہ صلی اللہ علیہ وسلم عن قفیز الطحان. والحیلة ان یفرز الاجر اولا ویسلمہ الی الاجیر (در مختار) فلو خلطہ بعد ذالک وطحن الکل ثم افرز الاجرة ورد الباقی جاز ولا یکون فی معنی قفیز الطحان لانہ لم یستاجرہ لیطحن بجزء منہ او قفیز منہ (در مختار) (شرح المجلة للمرحوم سلیم رستم باز اللبنانی:۱/ ۸۵۲/ ط دارالکتب العلمیة)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند