• معاشرت >> تعلیم و تربیت

    سوال نمبر: 991

    عنوان: کیا اسلام میں مخلوط تعلیم جائز ہے؟

    سوال: مخلوط تعلیم اسلام میں جائز ہے کہ نہیں؟کیوں کہ آج کل ساری یونیورسٹیاں مخلوط تعلیم کا نظام رکھتی ہیں، تو ہم اعلی تعلیم کیسے حاصل کریں؟

    جواب نمبر: 991

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  398/م = 394/م)

     

    جب لڑکے اور لڑکی بالغ یا قریب البلوغ ہوجائیں تو اب ان کے لیے ایک ساتھ بغیر حجاب و پردہ کے تعلیم حاصل کرنا درست نہیں رہتا، اس سلسلے میں مفصل جواب آپ کے مسائل اوران کا حل میں موجود ہے اس کا مطالعہ فرمالیا جائے، چونکہ وہ پاکستان کی صورت حال کے پیش نظر ہی لکھا گیا ہے اس لیے وہ آپ کے لیے زیادہ مفید ہے۔ رہا یہ سوال کہ آج کل جب ساری یونیورسٹیوں میں مخلوط تعلیم کا نظام رائج ہے تواعلیٰ تعلیم کیسے حاصل کی جائے؟ تو اس سلسلے میں عرض یہ ہے کہ ارباب حکومت یا قوم و ملت کے مقتدی حضرات اورمعاشرہ کے حساس افراد کو اس جانب توجہ دلائی جائے کہ وہ ایسی یونیورسٹیاں قائم کریں جہاں مخلوط تعلیم کی جگہ الگ الگ تعلیم کا نظم ہو۔ اورجن علاقوں میں مسلمان بے بس اورمجبور ہوں یاجب تک ایسی یونیورسٹیوں کا نظم نہ ہو، تو اس وقت تک یا ان مقامات میں مخلوط تعلیم والی موجودہ یونیورسٹیوں میں جہاں تک پردہ ممکن ہو وہاں تک پردہ کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی گنجائش ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند