• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 36813

    عنوان: کیا بغیر شادی شدہ خالہ کے میراث میں بہن کے بچوں کاحصہ بنتاہے یا نہیں؟

    سوال: سوال یہ ہے کہ کیا بغیر شادی شدہ خالہ کے میراث میں بہن کے بچوں کاحصہ بنتاہے یا نہیں؟یہاں پر تین بھائی بہن تھے جس میں ایک بہن اور ایک بھائی کی شادی ہوچکی تھی ۔ بہن کے دو بیٹے اور بھائی کے دوبیٹے ہیں۔ ایک بہن غیر شادی شدہ تھی جس کی کافی جائداد تھی، دونوں بھائی بہن اس کی زندگی میں فوت ہوگئے، پہلے بہن کا انتقال ہوا ور پھر بھائی کا انتقال ہوا۔ بھائی ایک بیٹا اس خاتون جو کہ شادی شدہ نہیں تھی ، کی زندگی میں فوت ہوگیا۔ اب بھائی کا ایک بیٹا اور بہن کے دونوں بیٹے زندہ ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا مرحومہ کی جائداد میں صرف بھائی کے بیٹے کو تمام ملے گایا بہن کے بچوں کا بھی حصہ بنتاہے؟ کیوں کہ مرحومہ کی اپنی اولاد نہیں تھی جب کہ مرحومہ نے اپنی زندگی میں کوئی وصیت نہیں کی تھی کہ میرے بعد کس کا ہے اور کس کا نہیں؟

    جواب نمبر: 36813

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): 401=367-3/1433 صورت مسئولہ میں غیرشادی شدہ بہن کے والدین میں سے اگر کوئی اس کے (بہن کے) انتقال کے وقت باحیات نہیں تھے تو بھائی کی اولاد بحیثیت عصبہ اس کی وارث ہوگی، بہن کی اولاد وارث نہ ہوگی، بھائی کا صرف ایک ہی لڑکا باحیات ہے تو بس وہی تنہا وارث ہوکر متوفیہ کا کل مال پانے کا مستحق ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند