• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 48981

    عنوان: وراثت كی تقسیم

    سوال: مجھے یہ پوچھنا ہے کہ ماں باپ کے انتقال کے بعد بچوں کا کتنا حصہ ہوتاہے ؟ (پانچ لڑکیاں، ایک لڑکا ہے)ماں باپ کے انتقال کے بعد چار لڑکیوں کی شادی ہوگئی ہے، اب سب سے بڑی اوراس سے چھوٹا لڑکا بچا ہے ، شادی کے لیے ایک بہن کی شادی میں بھائی نے کچھ پیسے خرچ کیے تھے ، اب وہ جائداد کو اپنی کہتاہے کیوں کہ اس نے ایک بہن کی شادی میں کچھ پیسے خرچ کئے تھے ، آپ مجھے یہ بتائیں کہ شادی شدہ بہنوں کا کتنا حصہ ہوگا یا باقی بچی بہن اور بھائی کا مکان کی قیمت چالیس لاکھ ہے اسی کے حصہ ہونا ہے۔ شکریہ

    جواب نمبر: 48981

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 20-20/M=1/1435-U اولاد چاہے شادی شدہ ہو یا غیرشادی شدہ، ماں باپ کی میراث میں سب کا یکساں حق ہے، لڑکے کو دوہرا حصہ ملتا ہے اور لڑکی کو اِکہرا، اور بھائی نے بہن کی شادی میں جو کچھ پیسے خرچ کیے اگر اپنی مرضی سے خرچ کیے ، بطور قرض خرچ کی کوئی صراحت نہیں کی اور نہ خرچ کے وقت واپسی کی کوئی بات طے کی تو ایسی صورت میں وہ بھائی کی طرف سے تبرع سمجھا جائے گا جس کے مطالبے کا کوئی حق بھائی کو نہیں، بھائی کا پوری متروکہ جائداد کو اپنی ملک بتانا غلط ہے، صورت مسئولہ میں والدین مرحومین کی متروکہ جائداد (مکان وغیرہ) سات حصوں میں منقسم ہوگی جن میں سے ۲/ سہام بھائی کو اور ایک ایک حصہ پانچوں بہنوں میں سے ہرایک کو ملے گا، مکان اگر بیچ کر قیمت تقسیم کی جائے تو وہ بھی مذکورہ طریقے پر تقسیم ہوگی۔ مسئلہ کی تخریج ابن=۲ بنت=۱ بنت=۱ بنت=۱ بنت=۱ بنت=۱


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند