• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 64800

    عنوان: کیا زکات رمضان ہی میں دی جائے گی یا اوردیگر مہینوں میں بھی دی جاسکتی ہے؟

    سوال: (۱) حضرت ہمارے گھر بچوں کے کپڑوں پر خرگوش بطخ کی اور کئی جانداروں کی تصویر بنی ہوتی ہے اس کے علاوہ مرد کے ٹائٹ جینس وغیرہ، جوائنٹ فیملی سسٹم ہے اس لئیے مجھے کپڑے دھونے پڑتے ہیں کیا میں ایسے کپڑے دھو سکتی ہوں؟ (۲) ایسی شادی جس میں اللہ تعالیٰ کی ناراضگی والے کام ہوں میں جاتی تو نہیں لیکن کوئی وہاں سے کہانا لا کے دے تو کیا وہ جائز ہے ؟ (۳) کیا رمضان المبارک میں ہی زکوة دینے کا حکم ہے یا اس کے علاوہ بھی دے سکتے ہیں؟ (۴) ہمارے ہاں مولانا حضرات عشاء کی نماز سے پہلے یا بعد میں لاوڈ سپیکر پر قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں جو مسجد قریب ہے وہاں جب تلاوت ہو تو میں چپ رہتی ہوں لیکن جو تہوڑی دور ہے وہاں جب تلاوت ہو توایسا نہیں کرتی ان مولوی صاحب کی بات صحیح سمجھ نہیں آتی کیا میرا عمل صیح ہے ؟

    جواب نمبر: 64800

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 689-657/Sn=7/1437 (۱) دھو تو سکتی ہیں؛ لیکن یہ بات ملحوظ رہے کہ تصویر پر مشتمل کپڑے بچوں کو پہنانا بھی مکروہ اور گناہ ہے، اسی طرح ٹائٹ جینس (جس سے بدن کے اعضائے مخفیہ کی ساخت ظاہر ہوتی ہے) پہننا جائز نہیں ہے (تکملہٴ فتح الملہم، ۴/۸۸، کتاب اللباس والزینة، ط: اشرفی) ؛ اس لئے آپ یہ کوشش کریں کہ گھر میں ایسے کپڑے آئے ہی نہ۔ (۲) کھانا چونکہ فی نفسہ پاک ہے؛ اس لئے کھانے کی گنجائش ہے؛ لیکن اگر اس سے بھی بچا جائے تو اولیٰ ہے۔ (۳) جی ہاں !رمضان کے علاوہ بھی دے سکتے ہیں، رمضان ہی میں ادا کرنا ضروری نہیں ہے۔ (۴) آپ کا طرزِ عمل ٹھیک ہے؛ البتہ مسجد والوں کو چاہئے کہ لاوٴڈ اسپیکر پر قرآن کریم کی تلاوت کا سلسلہ بند کریں؛ اس لئے کہ لوگ اپنی مصروفیتوں کی وجہ سے قرآن کریم سننے کے آداب کی رعایت نہیں کر پاتے اور اسپیکر پر تلاوت کرنا انھیں بلا وجہ زحمت میں ڈالنا ہے، جو قطعا مناسب نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند