• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 609726

    عنوان:

    ایل آئی سی ،این پی سی ،اور پی پی ایف کی رقم پر زکات کا حکم

    سوال:

    سوال : میرا نام اقبال ہے،میں ایک سرکاری ملازم ہوں مجھے زکوة کی تفصیل معلوم کرنا ہے، 1- میں سرکاری ملازم ہوں اس لیے میرا این پی ایس میں تنخواھ کی ۱۰/فیصد جمع ہوتا ہے جو مجھے ابھی نہیں ریٹائرمنٹ کے بعد ملے گا کیا اس پر زکوٰة دینا ہے؟

    2- انکم ٹیکس سے بچنے کے لئے میں نے کچھ رقم ایل آئی سی میں جمع کیا ہے جو مجھے ابھی نہیں 10/سال بعد ملے گا کیا اس رقم پر زکوٰة دینا ہے؟

    3- انکم ٹیکس سے بچنے کے لئے میں نے کچھ رقم پی پی ایف میں جمع کیا ہے جو مجھے 15/سال بعد ملے گا کیا اس پر زکوٰة دینا ہے، مندرجہ بالا دونوں جگہوں پر ہر سال میں کچھ رقم جمع کرتا ہوں ،جیسے گذشتہ سال 50000/جمع کیا تھا اس پر ایک سال ہو گیا،اس سال کا ابھی فروری میں جمع کروں گا،تو کیا مجھے ایک لاکھ پر زکوة دینا ہے یا پچاس ہزار پر؟

    4- میرے پاس ایک بکری ہے جو میرے بچّے کے نام پر ہے اس بکری نے ایک بچہ جنا ہے جو تقریبآ ایک سال کا ہونے والا ہے اور اب دوسرا بچہ بھی جنی ہے کیا اس پر زکوٰة دینا ہے، 5- میرے پاس ایک گائے ہے جو میں نے دودھ کھانے کی نیت سے خریدا تھا اس کے بھی دو بچّے ہیں کیا اس پر بھی زکوة فرض ہے، جواب دینے کی زحمت کریں نوازش ہوگی۔ جزاک اللہ خیرا

    جواب نمبر: 609726

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 945-251/TH-Mulhaqa=7/1443

     قبضہ اور ملکیت میں آنے سے پہلے این پی ایس کی رقم پر زکات واجب نہیں ہے،جب آپ یہ رقم نکال لیں گے تو حسب شرائط اس رقم پر زکات واجب ہوگی ۔(۲) ایل آئی سی میں جمع کردہ اصل رقم پر حسب شرائط زکات واجب ہوگی ؛البتہ جمع کردہ اصل رقم چوں کہ ابھی آپ کے قبضے میں نہیں ہے اس لیے آپ کو یہ اختیار ہوگا کہ چاہے تو آپ ہر سال جمع کردہ اصل رقم کی زکات ادا کردیا کریں یا ہر سال کا الگ الگ حساب لگا کر جمع کردہ رقم وصول ہونے کے بعد گزشتہ تمام سالوں کی زکات اداکریں ۔واضح رہے کہ ایل آئی سی میں جمع کردہ اصل رقم کے علاوہ ملنے والی زائد رقم سود ہوگی جس کو بلانیت ثواب فقراومساکین پر صدقہ کرنا ضروری ہوگا۔(۳) پی پی ایف میں جمع کی جانے والی رقم کی حیثیت شرعاًقرض کی ہوتی ہے ؛لہذا ہر سال زکات کا سال مکمل ہونے کی تاریخ تک پی پی ایف اکاؤنٹ میں آپ نے جتنی رقم جمع کی ہے اس کی زکات آپ پر واجب ہوگی ؛البتہ اگر پی پی ایف اکاؤنٹ میں جمع کردہ اصل رقم کی زکات وصول یابی تک موخر کردیں اور وصول یابی پر گزشتہ تمام سالوں کی ادا کریں تو اس کی بھی گنجائش ہے ۔واضح رہے کہ پی پی ایف میں جمع کردہ اصل رقم پر زائد ملنے والی رقم سود ہوگی ،اس زائد رقم کو بلانیت ثواب فقرا ومساکین پر صدقہ کرنا ضروری ہوگا۔(۴)صورت مسئولہ میں آپ پر ان جانوروں کی زکات واجب نہیں ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند