• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 60531

    عنوان: کیا ایک بیوہ، جو کہ صاحب نصاب ہے‏، وہ اپنی غیرشادی شدہ بہن كو زكاۃ دے سكتی ہے؟

    سوال: کیا ایک بیوہ، جو کہ صاحب نصاب ہے ، اور اپنے اثاثے اپنے نابالغ بچوں کے مستقبل کے لئے رکھے ہیں، اس پر زکوٰة فرض ہے ، اور اگر فرض ہے تو کیا وہ زکوٰة کی رقم اپنی غیر شادی شدہ بہن، جو کہ اپنے والدین کے ساتھ رہتی ہے ، کو نقدی یا کوئی چیز خرید کر اس کے جہیز کے لئے دے سکتی ہے اس صورت میں کہ والدین نے پہلے سے کچھ جہیز بنایا ہوا بھی ہو۔ جزاک اللہ خیراً و احسن الجزا

    جواب نمبر: 60531

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 967-967/M=9/1436-U جب بیوہ صاحب نصاب ہے تو اس پر زکاة فرض ہے اور وہ زکاة کی رقم اپنی غیرشادی شدہ بہن کو دے سکتی ہے، بشرطیکہ وہ بہن غریب اور مستحق زکاة ہو، زکاة نقدی رقم کی شکل میں بھی دی جاسکتی ہے اور کوئی چیز خریدکر بھی دی جاسکتی ہے؛ لیکن اس کا اطمینان کرلیں کہ بہن مستحق زکاة ہو، کیونکہ اگر والدین نے زیورات بنواکر بہن کی ملکیت میں دے دیئے ہوں اور وہ اتنی مقدار میں ہوں کہ ان کی وجہ سے وہ بہن صاحب نصاب بن گئی ہو تو پھر اس کو زکاة دینا جائز نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند