عبادات >> زکاة و صدقات
سوال نمبر: 603804
زكاۃ كی ادائیگی میں كتابیں دینا؟
میں ایک مصنف ہوں ، میں نے ایک کتاب اپنے خرچ پر ایک ہزار کی تعداد میں طبع کرائی تھی ۔ دو سو نسخے فروخت ہوگئے ، اور اس کے پیسے بھی ذاتی استعمال میں خرچ ہوگئے ، اب آٹھ سو نسخے باقی ہیں، رمضان آرہا ہے ، میں کتابوں کی زکوٰة کس طرح نکالوں۔ کیا آٹھ سو نسخوں کی زکوٰة کے طور پر بیس نسخے غریب مستحق زکوٰة طلبہ کو دیدوں تو کافی ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ یہ نصابی کتاب ہے ، حاصل کرنے والے طلبہ کے کام آئے گی ، بصورتِ دیگر انہیں خریدنا پڑتا ہے ۔
جواب نمبر: 603804
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 625-551/M=08/1442
صورت مسئولہ میں اگر آپ مذکورہ کتابوں کی وجہ سے یا دیگر مال زکاة کی وجہ سے صاحب نصاب ہیں تو سال پورا ہونے پر تاریخ زکاة میں جو بھی مال زکاة ہے اس کا چالیسواں حصہ نکال دیں مسئولہ شکل میں آٹھ سو نسخوں کی زکاة کے طور پر بیس نسخے، مستحق زکاة طلبہ کو دے کر مالک بنا دینے سے ان کتابوں کی زکاة ادا ہوجائے گی۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند