عبادات >> زکاة و صدقات
سوال نمبر: 603733
کیا والدین بچوں کے کپڑے وغیرہ خیرات کر سکتے ہیں؟
کیا والدین بچوں کے کپڑے وغیرہ خیرات کر سکتے ہیں یانہیں؟
جواب نمبر: 603733
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 642-55/D=08/1442
اگر والدین اپنی بالغ یا نابالغ اولاد کے لئے کپڑے وغیرہ بنواکے دیں تو اولاد ان کی مالک ہوجاتی ہے۔ اب ان چیزوں کو کسی اور کو دینا یا صدقہ یا ہبہ کرنا جائز نہیں ہے۔ پس صورت مسئولہ میں والدین نے اپنے بچوں کے لئے جو کپڑے وغیرہ مالک بناکر دے دیئے ہیں؛ ان کو خیرات کرنے کی اجازت نہیں ہے، ناجائز ہے (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو بہشتی زیور: 5/6)۔ ہاں اگر والدین نے عاریت کے طور پر دی ہیں تو اولاد اس کی مالک نہیں ہوئی، والدین جو چاہیں کرسکتے ہیں۔
قال في الشامی: اتخذ لولدہ الصغیر ثوباً یملکہ وکذا الکبیر بالتسلیم ․․․․․․ لیس لہ أن یدفعہ إلی غیرہ إلا اذا بیّن وقت الاتخاذ أنہا عاریة (ج: 4/778)۔
اسی طرح بالغ بچوں کے سامان میں ان کی اجازت سے تصرف کرسکتے ہیں لیکن نابالغ کی اجازت معتبر نہیں پس تصرف بھی جائز نہیں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند