• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 41149

    عنوان: کیا صدقہ فطر ہر ایک کہ لئے ایک ہی رقم ہے؟

    سوال: کیا صدقہ فطر ہر ایک کہ لئے ایک ہی رقم ہے؟یا مالدار کے لئے ، درمیان والے کے لئے اور کم حیثیت والے کے لئے اور ہے؟ براہ کرم، قرآن و حدیث کی روشنی میں بتائیں اگر الگ الگ ہے تو اسکی وضاحت کریں۔ اللہ آپ کی کوششوں کو قبول کریں آمین۔

    جواب نمبر: 41149

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1421-904/L=10/1433 صدقہ فطر کے لیے ایک ہی رقم ہے اور صدقہٴ فطر ان لوگوں پر واجب ہے جن کے پاس سونا، چاندی، نقدی، حاجت اصلیہ سے زائد سامان اتنی مقدرا میں ہوں جن کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی (تقریباً 613 گرام) کے بقدر ہو، اس سے کم مالیت والے پر صدقہ فطر واجب نہیں، واضح رہے کہ صدقہٴ فطر کی مقدار نصف صاع گندم اور ایک صاع جو یا کھجور ہے، اگر کوئی مالدار کھجور کے اعتبار سے صدقہٴ فطر نکالدے تو زیادہ بہتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند