• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 169834

    عنوان: میکہ اور سسرال کی طرف سے ملے ہوئے زیورات کا حکم اور ان کی زکوة شوہر ادا کرے گا یا بیوی؟

    سوال: میری شادی میں میری بیوی کو ان کے گھروالوں نے گولڈ (کچھ سونا ،زیورات ) دیاتھا اور میری امی نے بھی کچھ گولڈ دیاتھا، اب شادی کو ایک سال ہوچکا ہے زکاة ادا کرنا ہے؛ (۱) سونا کسی ملکیت میں ہے؟ میری یا میری بیوی کی یا ہم دونوں کی ؟ (۲) زکاة کس کی طرف سے ادا کرنا ہے؟ میری طرف سے یا میری بیوی کی طرف سے ، یا ہم دونوں کی طرف سے؟

    جواب نمبر: 169834

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:720-626/N=8/1440

     (۱، ۲): آپ کی بیوی کو اس کی شادی کے موقعہ پر اس کے میکہ والوں نے سونے کے جو زیورات دیے تھے، وہ شرعاً آپ کی بیوی کی ملکیت ہیں، آپ کی ملکیت نہیں ہیں؛ لہٰذا ان کی زکوة آپ کی بیوی پر واجب ہوگی اگرچہ بہ طور تبرع اس کی اجازت سے آپ بھی ادا کرسکتے ہیں۔ اسی طرح اگر آپ نے یا آپ کے گھر والوں نے آپ کی بیوی کو مہر میں کوئی زیور دیا ہے تو وہ بھی اس کی ملکیت ہے اور اس کی زکوة اسی پر واجب ہوگی۔ اور جو زیورات آپ کی بیوی کو آپ کی والدہ نے دیے تھے، وہ اگر ہبہ کی صراحت کے ساتھ دیے تھے تو وہ بھی آپ کی بیوی کی ملکیت ہیں۔ اور اگر عاریت کی صراحت کے ساتھ دیے تھے تو وہ آپ کی والدہ کی ملک ہیں اور وہی اس کی زکوة ادا کریں گی۔ اور اگر دیتے وقت ہبہ یا عاریت کی کوئی صراحت نہیں کی گئی تھی تو آپ کے علاقہ اور خاندان کا جو عرف ہوگا، حکم اُس کے مطابق ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند