• عقائد و ایمانیات >> ادیان و مذاہب

    سوال نمبر: 6716

    عنوان:

    اسلام مذہب کب سے ہے؟ کیا آدم علیہ السلام اورنوح علیہ السلام کے زمانے میں اسلام مذہب تھا یااس زمانہ کے مسلمان کو اسلام کے ماننے والے کہہ سکتے ہیں؟میرے دوست کا کہنا ہے کہ ہندو مذہب سب سے پہلے آیا کیا یہ صحیح ہے؟

    سوال:

    اسلام مذہب کب سے ہے؟ کیا آدم علیہ السلام اورنوح علیہ السلام کے زمانے میں اسلام مذہب تھا یااس زمانہ کے مسلمان کو اسلام کے ماننے والے کہہ سکتے ہیں؟میرے دوست کا کہنا ہے کہ ہندو مذہب سب سے پہلے آیا کیا یہ صحیح ہے؟

    جواب نمبر: 6716

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1261=1182/ د

     

    دین کی اصولی تعلیمات اور بنیادی عقائد تو آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت خاتم النّبیین محمد صلی اللہ علیہ وسلم تک ایک طرح کے ہیں، صرف احکامِ شرعیہ میں فرق رہا ہے اور باعتبار عقائد اسلام کا وجود آدم علیہ السلام کے زمانہ ہی سے رہا ہے، خواہ اسے اسلام کے نام سے موسوم نہ کیا جاتا ہو، کیونکہ امت محمدیہ کے لیے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے ہُوَ سَمَّاکُمُ الْمُسْلِمِیْنَ اس سے معلوم ہوا کہ مسلمان نام سے موسوم کیا جانا امت محمدیہ کی خصوصیت ہے اور اسلام سے تعبیر کیا جانا بھی شریعت محمدیہ کے لیے خاص ہے، اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلاَمُ۔ اور دوسرے نبی کے متبع کے لیے مُوٴْمِنٌ مِّنْ آلِ فِرْعَوْنَ میں مومن کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ لہٰذا اب اسلام نام ہوا، ان اصولی عقائد (جو آدم علیہ السلام کے وقت سے متفقہ چلے آرہے ہیں) اور شریعت محمدیہ کے مجموعہ کا۔ اس لحاظ سے دوسرے نبیوں کے ماننے والے کو ”مسلمان“ نہیں کہیں گے، البتہ اضافت کے ساتھ کہنے کی گنجائش ہے۔ جیسے کہا جائے موسیٰ علیہ السلام کے زمانے کے مسلمان، یا عیسیٰ علیہ السلام پر اسلام لانے والے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند