• عقائد و ایمانیات >> ادیان و مذاہب

    سوال نمبر: 146134

    عنوان: عیسائی مذہب اور اسلام

    سوال: براہ کرم، عیسائی مذہب اور اسلام اور عیسائی مذہب کے درمیان اختلافات کے حوالے سے معلومات فراہم کریں۔

    جواب نمبر: 146134

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 068-178/SN=3/1438

     

    مذہب اسلام کا بنیادی عقیدہ ”توحید“ و ”رسالت“ ہے اور بعث بعد الموت یعنی اللہ ایک ہے، اس کے ساتھ کوئی شریک نہیں ہے نہ ذات میں نہ صفات میں اور ”محمد“ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے نبی اور اس کے رسول ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بہ حیثیت نبی و رسول مبعوث ہونے کے بعد تمام ادیان سابقہ منسوخ ہوگئے، آپ ہی آخری نبی ہیں، آپ ہی کا لایا ہوا ”دین“ (اسلام) اس وقت اللہ کا دین ہے، اسی پر تمام لوگوں کو عمل کرنے کا حکم ہے، اس دین کے علاوہ کوئی بھی دین (مذہب) بہ شمول عیسائیت قابلِ عمل اور راہِ نجات نہیں ہے، رہا عیسائی مذہب تو اس کی اصل تعلیمات جنہیں لے کر حضرت عیسیٰ علیہ السلام مبعوث ہوئے تھے ان میں بھی بنیادی چیز توحید اور حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی رسالت اور بعث بعد الموت تھی اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے یہ بھی بتلایا تھا کہ میرے بعد ایک نبی (محمد صلی اللہ علیہ وسلم) آنے والا ہے جو آخری نبی ہوگا اور اس کی نبوت عالم گیر ہوگی، اس نبی کے آنے کے بعد انہیں کی اتباع ضروری ہوگی؛ لیکن آج کل جو ”عیسائیت“ موجود ہے، یہ تحریف شدہ ”عیسائیت“ ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے لائے ہوئے عیسائیت سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان پر اٹھائے جانے کے بعد بہت سے خود ساختہ عقائد اس میں شامل کرلیے گئے ہیں، مثلاً اس میں حضرت عیسیٰ کو ”بندہ و رسول“ کے بہ جائے خدا اور خدا کا بیٹا بنا لیا گیا ہے؛ اور جب اس پر یہ اشکال ہوا کہ جب وہ خدا اور خدا کا بیٹا ہے تو ”صلیب“ پر چڑھ کر لعنت کی موت کیوں مرا؟ جیسا کہ آج کی ”عیسائیت“ کہتی ہے تو اس سوال کے حل کے لیے ”کفارہ“ کا عقیدہ تصنیف کرلیا گیا، پھر جب بیٹے کی الوہیت ”مسیح“ کی ذات میں مجسم ہو گئی تو اس سے ایک دوسرا مسئلہ پیدا ہوا کہ مسیح کی شخصیت میں الوہیت و انسانیت جمع ہیں تو ان میں باہم نسبت کیا ہے؟ تو ”عقیدہ تثلیث“ کا فلسفہ پیش کیا گیا، اس طرح تثلیث و کفارہ کا عقیدہ آج کی عیسائیت (جس کا مدار انجیل پر نہیں؛ بلکہ کلیساوٴں پر ہے) کا جزو لاینفک بن گیا، نیز آخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جو تعلیمات ہیں آج کی عیسائیت میں انہیں نظرانداز کر دیا گیا اور ”اسلام“ آنے کے بعد بھی عیسائیت کو ایک قابلِ عمل مذہب قرار دے دیا گیا حالانکہ اسلام نے تمام سابق ادیان کو منسوخ کردیا، عیسائی مذہب سے متعلق مزید تفصیلات کے لیے ”محاضرہ علمیہ بسلسلہٴ اہل کتاب ”عیسائیت“ (مرتبہ حضرت مولانا نعمت اللہ صاحت اعظمی، محدث دارالعلوم دیوبند) کا مطالعہ بہت مفید ہوگا، اسی طرح ”بائبل سے قرآن تک“ یہ بھی اس موضوع پر اہم کتاب ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند