• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 823

    عنوان: اگر عورتیں ایسا پینٹ پہنیں جو صرف عورتیں پہنتی ہیں اور اس کے اوپر کرتا وغیرہ پہنیں، تو کیا یہ درست ہوگا؟

    سوال:

    اگر عورتیں ایسا پینٹ پہنیں جو صرف عورتیں پہنتی ہیں اور اس کے اوپر کرتا وغیرہ پہنیں، تو کیا یہ درست ہوگا؟(بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ پینٹ اب صرف غیر مسلمین کا ڈریس نہیں رہ گیا)

    نیز کیا ایسے پینٹ ، جیکٹ وغیرہ جو مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے بنائے گئے ہوں ، ان کا پہننا جائز ہے؟

    جواب نمبر: 823

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 235/د=234/د)

     

    عورتوں کو ایسا لباس پہننا واجب ہے جو اُن کے پورے جسم کے لیے ساتر (ڈھانکنے والا) ہو جس سے اعضاء جسم کی کیفیت نشیب و فراز ظاہر نہ ہو اسی لیے ایسے باریک کپڑے کا لباس پہننا جس سے اعضاء بدن ظاہر ہوں منع ہے، اسی طرح موٹے کپڑے کا ایسا چست لباس پہننا جس سے بدن کا نشیب و فراز نمایاں ہو ممنوع ہے۔ حدیث میں ارشاد فرمایا گیا ہے:

     

    رب کاسیات عاریات ممیلات مائلات الحدیث

     بہت سی عورتیں کپڑا پہننے کے باوجود ننگی ہوتی ہیں، خود بھی دوسروں کی طرف مائل ہوتی ہیں اور دوسروں کو اپنی طرف مائل کرتی ہیں، ایسی عورتیں جنت کی خوشبو نہیں پائیں گی۔

     

    نیز عورتوں کو مردوں کا لباس پہننے سے منع کیا گیا ہے اور پینٹ غیر قوموں کا لباس بھی ہے اور غیر اسلامی ہونے میں بھی شبہ نہیں ہے کیونکہ یہ حیاداری کے خلاف ہے، حدیث میں حیاء کو اسلام کا ایک اہم شعبہ قرار دیا گیا ہے اور اس طرح کا لباس پہننے والیاں بے حجابی بھی اختیار کرتی ہیں جو حکم شرعی کے خلاف ہے۔ مذکورہ وجوہ سے عورتوں کو پینٹ پہننا منع ہے۔ اوپر سے کرتا پہننے کی صورت میں وہ کرتا کیسا ہوگا؟ پورے بدن کے لیے ساتر ہوگا یا نہیں؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند