• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 66537

    عنوان: عورت کے اوپر اس کے شوہر کے والدین اور شوہر کے بھائی بہن کے حقوق کیا ہیں؟

    سوال: (۱) عورت کے اوپر اس کے شوہر کے والدین اور شوہر کے بھائی بہن کے حقوق کیا ہیں؟ اور اس پر شریعت کا کیا حکم ہے؟ (۲) شوہر کے والدین اور اسکے بھائی بہن کے اوپر عورت کے حقوق ہیں؟ اور اس پر شریعت کا کیا حکم ہے؟ (۳) اگر کوئی عورت اپنے شوہر کے سیوا اس کے والدین اور اس کے بھائی بہن کے کپڑا نہیں دھوتی اور ان کو کھانا بنا کے نہیں کھلاتی اور ان کی خدمت نہیں کرنا چاہتی تو ایسے میں اس عورت کے بارے میں کیا حکم ہے؟

    جواب نمبر: 66537

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 963-940/H=10/1437 (۱،۲) حقوق مالیہ کا بوجھ تو ایک دوسرے کسی پر نہیں ہے البتہ سب ( عورت اور اس کے شوہر کے والدین اور اس کے بھائی بہن) ایک دوسرے کے ساتھ حسن معاشرت خوش اخلاقی سے گذر بسر کریں بڑوں کا ادب و احترام اور اپنے سے چھوٹوں پر شفقت کا برتاوٴ رکھیں زبان سے ہاتھ سے اشارہ کنایہ سے کوئی کسی کو تکلیف نہ پہنچائے حتی المقدرت ایک دوسرے کو راحت اور فائدہ پہنچانے کی سعی کرتے رہیں، بہشتی زیور میں جو سب کے لئے زریں ہدایات لکھی ہیں ان کو بار بار پڑھ کر سب کے سب حرز جان بنائیں کسی سے کچھ کوتاہی ہو جائے تو درگذر سے کام لیں اور پہلی فرصت میں صلح صفائی کرلیں۔ (۳) اگر چہ واجب تو نہیں ہے مگر گھریلو اس طرح کے کاموں میں حصہ لینے سے حسن معاشرت میں مضبوطی پیدا ہوتی ہے، ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کے جذبات میں ترقی ہوتی ہے باقی اگر عورت کسی وجہ سے نہ کرنا چاہیں تو شوہر کو خود چاہئے کہ اپنے ماں باپ بھائی بہنوں کے مناسب کاموں کو خود انجام دینے میں پیش قدمی کرتا رہے اور بیوی سے بھی حسن سلوک میں اعلی درجہ کا برتاوٴ رکھتا رہے کسی وقت وہ خود ہی ان شاء اللہ اس جیسی خدمت کو انجام دینے کے لیے خوشدلی سے آمادہ ہوجائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند