• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 64849

    عنوان: یہ ضروری نہیں ہے کہ پہلابچہ آپریشن سے ہوا ہو تو دوسرا بھی آپریشن ہی سے ہو

    سوال: پانچ سال پہلے آپریشن کے ذریعہ لڑکا پیدا ہوا تھا، اب میری بیوی حمل سے ہے ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آپریشن کا زیادہ امکان ہے ۔ دوسری یا تیسری مرتبہ ولادت کے لیے آپریشن ہونا میری بیوی کی جان کے لیے خطرناک ہے، تو کیا اس صورت حال میں ہم فیملی پلاننگ کرلیں؟اگر نہیں تو کیا طریقے اپنائیں؟براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللہ خیرا

    جواب نمبر: 64849

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 437-358/D=6/1437 یہ ضروری نہیں ہے کہ پہلابچہ آپریشن سے ہوا ہو تو دوسرا بھی آپریشن ہی سے ہو بالکل نارمل بھی ہوسکتا ہے اور ہوتا ہے نیز اگر آپریشن کی نوبت آئی بھی تودوکے آگے بھی آپریشن ہوتے ہیں آپ کسی اچھے مسلمان خداترس ڈاکٹر سے مشورہ لیں اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں، فیملی پلاننگ میں بچہ دانی نکال کر ہمیشہ کے لیے وقت تولید ختم کرنا حرام ہے، اس لیے اس سے بچیں، ولادت کا مرحلہ خود نازک اور خطرناک ہوتا ہے کوئی ڈاکٹر اپنے اوپر ذمہ داری نہیں لینا چاہتا اس لیے پہلے سے پہلے فیملی پلاننگ کا مشورہ دیتا ہے جو قبل از وقت ہے آپ اللہ پر بھروسہ رکھیں، اس سے دعا بھی کریں علوق نہ ہونے کی احتیاطی تدبیر بھی کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند