• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 63069

    عنوان: حمل کے دوران بیوی کو کیا کھلانا چاہیے

    سوال: میری بیوی حمل سے ہے ، حمل کے دوران بیوی کو کیا کیا چیزیں کھلانا ہے جس سے بیوی اور بچوں کو کوئی تکلیف نہ پہنچے ، نیز اس بار ے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا فرمان ہے اور خود حضور صلی اللہ علیہ وسلم حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو کیا کھلاتے تھے اور کیا کھانے کو کہا کرتے تھے؟ مزید وضاحت کے ساتھ جواب دیں تاکہ مجھے کوئی دقت بعد میں نہ اٹھانا پڑے اور آپ سے بھی گذار ش ہے کہ میری آسانی کے لیے دعا کریں کہ اللہ مجھ کو نیک صالح وفادار فرمانبردار دل کو بھانے والا بیٹا عطا فرمائیں۔ آپ کی بڑی مہربانی ہوگی ۔

    جواب نمبر: 63069

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 265-265/M=3/1437-U حمل کے دوران بیوی کو کیا کھلانا چاہیے اور کیا نہیں، اس بارے میں ماہر ڈاکٹر یا حکیم سے رجوع کرنا چاہیے جو چیز مفید ہو اس کا استعمال کرنا چاہیے اور نقصان دہ چیز سے بچنا چاہیے، اس بابت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہمیں نہیں مل سکا، نیز تمام عورتوں کے احوال یکساں نہیں ہوتے، عورت کے مزاج، حمل کی کیفیت اور جسمانی حالات کے اعتبار سے غذا مختلف ہوسکتی ہے، یہ ضروری نہیں کہ جو چیز ایک عورت کے لیے مفید ہو وہی دوسری کے لیے بھی مفید ہو، ایسی صورت میں کسی خاص چیز کھلانے کی پابندی نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتی ہے، اس لیے بہتر یہ ہے کہ حکیم یا ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کریں، نیز حضرت حکیم الامت رحمہ اللہ کی بہشتی زیور کے نویں حصے میں حمل کی تدبیروں اور احتیاطوں کا مفصل بیان مذکور ہے، اس کا مطالعہ ضروری کرلیں، اور اس کی روشنی میں اہلیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے رہیں۔ اللہ تعالیٰ سہولت عافیت کے ساتھ ولادت کا مرحلہ گزاردے اور نیک اولاد عطا کرے۔ (آمین)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند