• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 605521

    عنوان:

    بیوی عدت كہاں گزارے‏، نئے مكان میں یا پرانے مكان میں؟

    سوال:

    کیا فرماتے مفتیان کرام حضرات اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید کا تقریباً 8 دن پہلے انتقال ہوچکاہے ان کے دو گھر اپنی ملکیت میں تھے پہلے یعنی گاوں والے گھر سے 9 سال پہلے شِفٹ ہوچکے ہیں مگر ہر غم وخوشی اور عید کیلئے سال میں اپنے گاوں والے گھر تشریف لاتے تھے ۔۔چند دن یا چند گھنٹے گاوں والے گھر میں گزار کر واپس جاتے تھے ۔۔اب انکا انتقال اپنے نئے گھر کے قریب ہسپتال میں ہوا ہے اپنے نئے گھر میں نہیں۔۔مگر ہم نے ان کو اپنے گاوں والے گھر لے آیا کیونکہ جان پہچان کے لوگ اور اصل ٹھکانہ یہی تھا اور ان کا غسل تدفین تعذیتی مراحل سب یہاں گزرگئے ۔۔اب پوچھنا یہ ہے کہ ان کی بیوی عدت کہاں پر گزارے گی نئے گھر یا پرانے والے گاوں والی گھر پر؟ یہ بھی یاد فرمائیگا کہ بیوہ خاتون کو ہماری خواتینوں نے 10 دنوں کیلئے گاوں والی گھر میں رہنے کو کہا۔کیونکہ نیا گھر گاوں سے دور ہے تو مہمان تعذیت کیلئے وہاں نہیں جاسکتے اس لحاظ سے ابھی تک خاتون گاوں والے گھر میں ہیں دس دن بعد وہ اپنے نئے گھر واپس جائنگی۔ان کا ایک بالغ بیٹا بھی ہے مگر ذہن انکا ابھی چھوٹا ہے اپنے گھر کی حفاظت بھی صحیح طرح نہیں کرسکتا بڑوں کا اعتماد بچے پر پختہ نہیں۔مرحوم کی بیٹی بھی اور بیوی بھی جوان ہے ۔مگر انکا دوبارہ واپس جانا ضروری اسلئے ہیں کہ وہاں بچوں کی تعلیمی امتحانات شروع ہونے والے ہیں۔

    مفتیان کرام مدلل جواب فرمائیں اللہ پاک آپ لوگوں کی خدمات قبول فرمائیں اور آخرت میں نجات کا سبب بنائیں آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔

    جواب نمبر: 605521

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1335-995/H=01/1443

     شوہر مرحوم کا رہنا سہنا بوقت وفات جب کہ نئے گھر میں تھا تو خواہ وفات نئے گھر میں نہیں ہوئی اور تدفین پرانے مکان والے گاوٴں میں ہوئی ہے تاہم بیوہ کو عدت نئے مکان میں گذارنے کا حکم ہے اگرچہ دس دن گذر گئے بشرطیکہ وہ مسافت قصر سے کم ہو، تاہم پردہ کی احتیاط کے ساتھ بھائی وغیرہ (محرم شرعی) کی معیت میں نئے مکان میں آجائیں۔ علی المعتدة ان تعتد فی المنزل الذی یضاف الیہا بالسکنیٰ حال وقوع الفرقة والموت کذا فی الکافی اھ۔ فتاوی ہندیة فی الباب الرابع عشر فی الحداد، ج: 1/559، ط: بیروت۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند